لکھنؤ:اترپردیش کی اپوزیشن جماعت سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے جمعرات کو بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سربراہ مایاوتی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ بی جے پی کے مفاد میں کام کررہی ایسی لیڈر ہوگئی ہیں جو اپنی ہی بنائی جیل میں قید ہیں اور ان کا جیلر دہلی میں بیٹھا ہے۔Akhilesh Yadav Attacks On Mayawati
اکھلیش نے میڈیا نمائندوں کے سوالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بی ایس پی وہی کرتی ہے جو بی جے پی اسے کرنے کے لئے کہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مایاوتی کے نشانے پر بی جے پی نہیں بلکہ ایس پی ہوتی ہے۔ الیکشن میں بھی بی ایس پی ایسے امیدوار کو اتارتی ہے جس کی وجہ سے سماجوادی پارٹی امیدوار ہارے، انہوں نے کہا کہ وہ بی جے پی سے نہیں لڑرہی ہے۔ وہ تو اپنی ایک بنائی ہوئی جیل میں قید ہے۔ ان کا جیلر مجھے لگتا ہے کہ دہلی میں بیٹھا ہوا ہے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ اترپردیش کے گزشتہ دو اسمبلی انتخابات میں بی ایس پی کی مدد کے بغیر بی جے پی کی حکومت نہیں بن سکتی تھی۔ اکھلیش نے مایاوتی کے سابقہ فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدرجمہوریہ انتخابات میں بی ایس پی نے این ڈی اے امیدوار کی حمایت کی۔ اسی طرح اعظم گڑھ کے ضمنی الیکشن میں انہوں نے کچھ نہیں بولا اور دو دن بعد بی جے پی کی حمایت کردی۔