ممبئی میں این سی پی لیڈر نواب ملک اور این سی بی زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کا معاملہ اب نہایت پیچیدہ ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ترجمان نواب ملک نے 27 اکتوبر کی صبح این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کے خلاف ٹویٹ کرتے ہوئے ان پر کئی سنگین الزامات لگائے۔ نواب ملک نے ٹویٹ کرتے ہوئے وانکھیڑے کی پہلی شادی کا نکاح نامہ اور ان کی بیوی ڈاکٹر شبانہ قریشی کے ساتھ ہوئی شادی کی تصویر شیئر کی ہے۔
اس ٹویٹ کے بعد اب سمیر وانکھیڑے اور شبانہ قریشی کا نکاح پڑھانے والے قاضی مولانا مزمل احمد کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔ ممبئی کے اوشیوارہ علاقے میں رہنے والے قاضی مولانا مزمل احمد نے کہا کہ سمیر وانکھیڑے کا نکاح انہوں نے پڑھایا ہے اور وہ مسلم تھے، اگر وہ ہندو ہوتے تو میں نکاح ہی نہیں پڑھاتا۔
سمیر وانکھیڈے اور ان کے اہل خانہ نے خود کو ہندو بتایا ہے۔ لیکن سمیر وانکھیڈے کی پہلی شادی کا نکاح پڑھانے والے قاضی مزمل احمد نے یہ انکشاف کیا ہے کہ سمیر وانکھیڑے مسلمان تھے۔