ممبئی: کانگریس کے رائے پورچھتس گڑھ میں 85ویں کنونشن کے اشتہارات ملک بھر کے اخبارات میں شائع ہوئے ،لیکن اس مرتبہ اشتہار میں مولانا ابوالکلام آزاد کی تصویر غائب نظر آئی ہے اور کانگریس کی اس حرکت کے سبب سیکولراور عام مسلمان خفگی کا اظہار کیا ہے، سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ یاد رہے کہ کانگریس کے مذکورہ اشتہار میں سب اوپر مہاتما گاندھی، جواہرلال نہرو، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور ڈاکٹر امبیڈکر اور دوسری قطار میں بائیں سے سبھاش چندر بوس، سرو جنی نائیڈو، آنجہانی وزرائے اعظم لال بہادر شاستری، اندراگاندھی، راجیو گاندھی اور پی وی نرسمہا راؤ تک شامل ہیں، لیکن ان صفوں سے مولانا آزاد کو ہٹا دیا گیا ہے۔ البتہ اخبار کے نچلے حصے میں سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، سابق پارٹی صدر سونیا گاندھی، اے آئی سی سی صدر کھڑگے اور راہل گاندھی کی تصویریں لگائی گئی ہیں۔
ایک سبکدوش معلم ڈاکٹر سعید خان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ کانگریس نے بھی ملک کے پہلے وزیر تعلیم، عظیم مجاہد آزادی مولانا ابوالکلام آزاد کو بھلا دیا ہے۔ افسوس صد افسوس کہ پارٹی کے حالیہ اجلاس کے اشتہارات کسی مسلم لیڈر کوجگہ نہیں دی گئی ہے،عام طور پر مولانا آزاد کی تصویرنہرواور پٹیل کے ساتھ رہتی تھی مگر اس بار ان کی تصویر کااستعمال کرنے کی زحمت نہیں کی گئی ہے۔ مشہور صحافی اور مصنف محمد وجہیہ الدین نے لکھا ہے کہ مسلمان اب کانگریس کے لیے بھی اچھوت ہوگئے ہیں۔کانگریس نے ان مولانا آزادکو بھلادیاہے،جنہوں نے تحریک آزادی کے دوران 10 سال سے زیادہ برطانوی جیلوں میں گزارے۔ انڈین نیشنل کانگریس کے دو بار صدر رہنے والے عظیم مولانامتحد یا اکھنڈ ہندوستان کے حق میں رہے۔وہ دوقومی نظریہ اور تقسیم کے درمیان چٹان کی طرح کھڑے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد نے مسلم لیگ کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا۔ یہاں تک کہ جناح نے انہیں "کانگریس کا شؤ بوائے " کا خطاب دیا تھا۔ بلکہ اس نام سے ذلیل کیا کرتے تھے۔
چو طرفہ نقید کے بعد کانگریس کے رکن پارلیمان جے رام رمیش نے ٹویٹ کرکے کہا کہ کہ کانگریس کی طرف سے جاری کردہ اشتہار میں مولانا آزاد کی تصویر نہیں تھی۔ یہ ایک ناقابل معافی غلطی ہے۔ اس کی ذمہ داری کا تعین کیا جا رہا ہے اور کارروائی کی جائے گی۔ ہم تہہ دل سے معذرت خواہ ہیں۔ وہ ہمارے اور پورے ہندوستان کے لیے ایک مشہور اور متاثر کن شخصیت رہیں گے۔ آزادی کے 75 سال بعد بھی مولانا آزاد کانگریس کے 85ویں مکمل اجلاس کے اشتہاری پوسٹر پر جگہ کے مستحق نہیں ہیں۔ راہل گاندھی کانگریس کو زندہ کرنے کی کتنی ہی کوشش کریں، اس کا انجام اپنے انجام تک پہنچنا ہی مقدر ہے۔ کیونکہ کانگریس کے لوگ اور اس کی رہنمائی کرنے والے لوگ اس کی قبر کھود رہے ہیں۔