اسلام آباد: گزشتہ ماہ میلبرن میں پاکستان کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے عادل رشید کو ملتان سلطان نے سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کرلیا۔Mathew Wade And Adil Rashid Will Seen In 8th PSL
دوسری جانب وائٹ بال کرکٹ میں آسٹریلیا کے اولین انتخاب وکٹ کیپر اور بائیں ہاتھ کے جارح مزاج بلے باز میتھیو ویڈ کو کراچی کنگز نے پلاٹینم کیٹیگری میں اپنی پہلی پک میں منتخب کیا۔
سری لنکا کے لیے ایشیا کپ جیتنے والی جوڑی لیگ اسپنر وینندو ہاسارنگا اور ہارڈ ہٹنگ بلے باز بھانوکا راجا پاکسے بھی آئندہ ایڈیشن کے دوران اپنا پی ایس ایل ڈیبیو کریں گے جب وہ بالترتیب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔
ونندو ہاسارنگا کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی دوسری پلاٹینم پک میں منتخب کیا، بھانوکا راجا پاکسے کو پشاور زلمی نے اپنی پہلی پک میں منتخب کیا، نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر جمی نیشام کو پشاور زلمی نے سپلیمنٹری پک میں منتخب کیا جب کہ جنوبی افریقہ کے چائنا مین باؤلر تبریز شمسی کو کراچی کنگز نے سپلیمنٹری پک میں اپنی ٹیم میں شامل کیا، وہ بھی پی ایس ایل میں اپنا ڈیبیو کریں گے۔
ملتان سلطانز نے پاکستان کے تیز گیند باز نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کرنے کی کوشش کی جب انہوں نے اپنا وائلڈ کارڈ استعمال کرتے ہوئے انہیں پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب کرنا چاہا لیکن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، جس نے رائٹ آرمر کو ریلیز کیا تھا، ان کو ری ٹین رکھنے کے حق کا استعمال کرتے ہوئے انہیں اپنی پلاٹینم پک میں برقرار رکھا۔
ملتان سلطان، عادل رشید کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے میں کامیاب رہی جب کہ جنوبی افریقی اسپن باؤلنگ کے اہم کھلاڑی عمران طاہر کو کراچی نے منتخب کرلیا، 2020 کے چیمپئنز نے عمران طاہر کے ہی ہم وطن بائیں ہاتھ کے خطرناک بلے باز ڈیوڈ ملر کو منتخب کر اپنی بیٹنگ لائن کو مزید مضبوط کیا۔
دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے اپنے، اہم اوپنرز فخر زمان اور ایلکس ہیلز کو اپنی پہلی پلاٹینم پک میں منتخب کرتے ہوئے برقرار رکھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے اسپن اٹیک کو مزید اپ گریڈ اور مضبوط کیا اور کپتان شاداب خان کے ساتھ پراسرار اسپنر ابرار احمد کو ٹیم مین شامل کرلیا جنہوں نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ میں 11 وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد سندھ کے لیے نیشنل کپ کی فاتح ٹیم کا بھی حصہ تھے جس نے رواں سال کے شروع میں ٹائٹل جیتا تھا۔