'آپ جھوٹ بولتے تھے کہ آپ مجھ سے محبت کرتے ہیں، آپ نے ملک سے محبت کی، مجھے یہ بات دیکھ کر رشک آتا ہے۔ آپ نے ان کے لئے جان قربان کی جنہیں آپ جانتے بھی نہیں تھے۔ آپ نے مجھے مرکوز رہنا سکھایا، ویبھو، میں میری آخری سانس تک آپ سے محبت کروں گی، میں لوگوں سے کہوں گی کہ ہمدردی کا اظہار نہ کریں۔۔۔۔۔۔میں سبھی سے کہوں گی کہ جاتے جاتے سب ان کو سیلیوٹ کرتے ہیں۔۔۔۔۔''
مذکورہ الفاظ میجر ویبھوتی ڈھونڈیال کی اہلیہ نیتیکا کے ہیں، میجر وبھوتی ڈھونڈیال 14 فروری 2019 کو جموں و کشمیر کے پلوامہ میں عسکری حملے کے بعد 18 فروری کو سرچ آپریشن کے دوران ہلاک ہو گئے تھے۔
19 فروری 2019 کو دہرادون میں میجر ویبھوتی کی باقیات کے قریب کھڑے ہوکر ان کی اہلیہ نیتیکا نے یہ پرجوش جملے کہے تھے۔
یہ وہ جملے تھے جن کو سن کر پورا ملک غم گیں ہو گیا تھا، یہ وہ جملے ہیں جن سے ایک عورت کی بے بسی لیکن ایک بہادر کی بیوی کی ہمت کا احساس ہوتا ہے، یہ وہ الفاظ ہیں جس نے ملک کی ہر عورت کو صبر کا پیغام دیا ہے۔
شمشان لے جانے سے پہلے نیتیکا نے اپنے شوہر کے جسم کو بوسہ دیا اور کہا کہ 'مجھے آپ سے بے حد محبت ہے اور میں بھی آپ کی طرح آرمی جوائن کروں گی، یہ میرا وعدہ ہے۔'
نوئیڈا میں ایک سافٹ ویئر کمپنی میں ملازمت کر رہی نیتیکا نے نوکری چھوڑ کر دسمبر 2019 میں الہ آباد میں وومین اسپیشل انٹری اسکیم کا امتحان دیا۔