گوالیار: ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع گوالیار کے رہنے والے ایک جوڑے نے اجین کے ایک سنت پر ان کی بیٹی کو یرغمال بنانے کا الزام لگاتے ہوئے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔ Saint Accused Of Missing Girl عرضی پر سماعت کرتے ہوئے گوالیار ہائی کورٹ نے گوالیار کے ایس پی کو ہدایت دی ہے کہ اگلی سماعت تک خاتون کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ گوالیار تھاٹی پور علاقے میں رہنے والے ایک شخص کا الزام ہے کہ اس نے اپنی بیٹی کی شادی کے لیے ایک اخبار میں اشتہار جاری کیا تھا جس کے بعد ایک نوجوان جس نے اپنا نام سریش پرساد پانڈے بتایا تھا، جو اومکاریشور ٹیمپل ٹرسٹ کے چیئرمین اور ہردوہا مہاراج کے نام سے مشہور ہے۔ اس نے ان کی بیٹی سے شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور اپنی ایک تصویر بھی بھیجی۔ نوجوان نے خود کو ایک کمپنی میں ملازم بھی بتایا تھا، جس کے بعد دونوں طرف کے لوگ راضی ہوگئے، پھر سریش پرساد پانڈے گوالیار آئے اور آریہ سماج مندر میں لڑکی سے شادی کی۔
اب لڑکی کے والدین کا الزام ہے کہ جب ان کی لڑکی شادی کے بعد اس نوجوان کے ساتھ رہنے گئی تو معلوم ہوا کہ یہ شخص پہلے سے شادی شدہ ہے اور اس کے بچے بھی ہیں۔ جب اس معاملہ کو لیکر لڑکی نے اعتراض کیا تو سنت نے اسکو مارنا پیٹنا شروع کردیا۔ ایک دن متاثرہ نے فون پر والد سے کہا کہ وہ اسے وہاں سے لے جائیں، اس کے بعد سے متاثرہ کا کہیں کوئی سراغ نہیں ملا۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ 'اس مبینہ سنت نے ان کی بیٹی کو یرغمال بنا رکھا ہے'۔