نئی دہلی: دہلی شراب بدعنوانی معاملہ میں ریمانڈ ختم ہونے کے بعد آج انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو راؤز ایونیو کورٹ میں پیش کرے گی۔ سسودیا کو دوپہر 2 بجے خصوصی سی بی آئی جج ایم کے ناگپال کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ مانا جا رہا ہے کہ ای ڈی عدالت میں سسودیا کے ریمانڈ میں مزید توسیع کا مطالبہ کرے گی، لیکن ریمانڈ میں توسیع کا امکان بہت کم ہے۔
16 مارچ کو عدالت نے ای ڈی کے مطالبے پر سسودیا کو پانچ دن کے ریمانڈ پر بھیج دیا تھا۔ اس سے پہلے 10 مارچ کو انہیں ای ڈی نے سات دن کے ریمانڈ پر بھیجا تھا۔ سسودیا کو ای ڈی نے 9 مارچ کو تہاڑ جیل سے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا تھا۔ اس لیے اب تیسری بار ای ڈی کے ریمانڈ میں اضافے کا امکان بہت کم ہے۔ ایسے میں سسودیا کو عدالت سے تہاڑ جیل بھیجا جائے گا۔ دو دن پہلے عدالت نے سی بی آئی کیس میں سسودیا کی عدالتی حراست میں 14 دن کی توسیع کی تھی۔ اس کے مطابق سسودیا کو 3 اپریل تک تہاڑ جیل بھیج دیا جائے گا۔