نئی دہلی: دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو سی بی آئی نے دہلی شراب گھوٹالہ معاملے میں گرفتار کر لیا ہے۔ اتوار کو سی بی آئی نے سسودیا سے آٹھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ یاد رہے کہ سی بی آئی سے پوچھ گچھ کے لیے جانے سے پہلے انہوں نے گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ انہوں نے سی بی آئی دفتر جانے سے پہلے اپنی ماں سے آشیرواد لیا اور پھر راج گھاٹ پہنچے۔ اس دوران ایم پی سنجے سنگھ اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ یہاں سے روانہ ہونے کے بعد انہوں نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ انہیں 7-8 ماہ جیل میں رہنا پڑ سکتا ہے۔ لیکن کیجریوال جی، آپ دہلی کی ترقی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج نریندر مودی راہل گاندھی سے نہیں ڈرتے بلکہ اروند کیجریوال سے ڈرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج سی بی آئی کے دفتر جارہے ہیں، ان کے ساتھ لاکھوں بچوں کا پیار اور کروڑوں ہم وطنوں کا آشیرواد ہے۔ سسودیا کی گرفاتری کے بعد عآپ دہلی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا 'جمہوریت کے لیے یوم سیاہ! بی جے پی کی سی بی آئی نے دنیا کے بہترین وزیر تعلیم منیش سسودیا کو ایک فرضی کیس میں گرفتار کیا، جو لاکھوں بچوں کا مستقبل سنوار رہے ہیں۔ بی جے پی نے سیاسی دشمنی کی وجہ سے یہ گرفتاری کی ہے۔'