نئی دہلی:مانسون اجلاس کے موقعے پر وزیر اعظم مودی نے منی پور میں خواتین کی برہنہ پریڈ سے متعلق ویڈیو پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ "میں ملک کو یقین دلاتا ہوں کہ کسی بھی قصوروار کو نہیں بخشا جائے گا۔ قانون پوری طاقت کے ساتھ اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ منی پور کی بیٹیوں کے ساتھ جو ہوا، اسے کبھی معاف نہیں کیا جا سکتا۔"منی پور کا واقعہ سن کر میرا دل غصے اور درد سے بھر گیا ہے۔ خواتین کے ساتھ ہونے والے یہ شرمناک واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔ میں تمام وزرائے اعلیٰ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ عوام بالخصوص خواتین کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔
چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ نے حکومت سے کارروائی کرنے کی اپیل کی۔ سی جے آئی نے اس واقعہ کو 'انتہائی پریشان کن' اور 'بالکل ناقابل قبول' قرار دیا۔ ڈی وائی چندرچوڑ نے کہا کہ فرقہ وارانہ تصادم کے میدان میں خواتین کو نشانہ بنانا قطعی ناقابل قبول ہے۔ یہ آئین کا سب سے بڑا غلط استعمال ہے۔ سپریم کورٹ نے منی پور ویڈیو کا ازخود نوٹس لیا ہے۔ سی جے آئی نے کہا کہ مرکز اور ریاست اس معاملے میں اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں ہمیں بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے کی سماعت 28 جولائی کو کریں گے۔ سی جے آئی نے کہا کہ اگر حکومت کارروائی نہیں کرتی ہے، تو ہم کریں گے۔ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت حقیقت میں آگے آئے اور ایکشن لے۔ آئینی جمہوریت میں یہ قطعی طور پر ناقابل قبول ہے۔
منی پور کے وزیر اعلیٰ برین سنگھ نے کہا کہ ان کی حکومت ویڈیو میں ملوث مجرموں کے لیے سزائے موت کی سزا دینے کے بارے میں غور کر رہی ہے کیوں کہ خواتین کے ساتھ ان کا سلوک ناقابل برداشت ہے۔ وہ معافی کے قابل نہیں ہیں۔ جس نے منی پور حکومت کے خلاف عوام میں غم و غصہ اور پولیس کی بے عملی کو جنم دیا ہے۔
بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے آج صبح ایک وائرل ویڈیو پر ردعمل ظاہر کیا جس میں منی پور میں سڑک پر دو خواتین کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کھلاڑی اکشے کمار کے علاوہ بالی ووڈ اداکارہ ریچا چڈھا، رینوکا سہانے نے بھی اعتراض کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ملک کے عوام نے سوشل میڈیا کے ذریعے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔