امپھال: منی پور میں گذشتہ دو ماہ سے جاری ذات پات کے تشدد میں سینکڑوں لوگ مارے جا چکے ہیں۔ اس دوران منی پور کی برہنہ خواتین کے ویڈیو سے پورے ملک میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جن خواتین کو برہنہ کرکے سڑک پر چلنے کے لیے مجبور کیا گیا، ان میں سے ایک سابق فوجی کی بیوی تھی جو کرگل کی جنگ میں ملک کے لیے محاذ پر جنگ لڑا چکا ہے۔ بیوی کے ساتھ بدسلوکی کے بعد شوہر کا درد چھلک پڑا۔ اس نے ایک بیان میں کہا کہ میں نے کرگل میں ملک کو بچایا، لیکن اپنی بیوی کی عزت نہیں بچا سکا۔
'اپنی بیوی کی حفاظت نہ کرنے پر رنجیدہ اور اداس ہوں'
منی پور میں خواتین کی برہنہ پریڈ کا وائرل ویڈیو چار مئی کا ہے اور بدھ کی رات منظر عام پر آیا، جس کی ملک بھر میں مذمت کی گئی۔ ان میں سے ایک متاثرہ خاتون کا شوہر بھارتی فوج میں آسام رجمنٹ کے صوبیدار کے طور پر خدمات انجام دے چکا ہے۔ ایک چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میں نے کرگل میں ملک کے لیے جنگ لڑی اور بھارتی امن فوج کا حصہ بن کر سری لنکا بھی گیا۔ میں نے ملک کی حفاظت کی، لیکن میں مایوس ہوں کہ ریٹائرمنٹ کے بعد میں اپنے گھر، اپنی بیوی اور ساتھی گاؤں والوں کی حفاظت نہیں کر سکا۔ اس سے مجھے دکھ اور افسوس ہوتا ہے۔