امپھال: منی پور میں دو خواتین کی برہنہ پریڈ کا معاملہ موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ اس کے خلاف چہار جانب سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اس واقعے میں منی پور کی کوکی زومی کمیونٹی کی دو خواتین کو مردوں کے ایک ہجوم نے برہنہ کر کے سڑکوں پر پرایڈ کرایا، ان کے ساتھ وحشیانہ تشدد کیا اور ان میں سے ایک کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کی۔ چار مئی کو پیش آئے اس واقعے کا ویڈیو بدھ کو وائرل ہوا۔ اس معاملے میں کلیدی ملزم کھریم ہیراداس میتئی (Khuirem Herodas Meitei (32 سال) سمیت چار ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
واقعہ کہاں کا ہے؟
بدھ کو وائرل ہونے والا ویڈیو منی پور کے تھوبل ضلع کا ہے۔ واقعہ چار مئی کا بتایا جا رہا ہے۔ تھوبل ایک کوکی اکثریتی علاقہ ہے۔ اس سلسلے میں 18 مئی کو کانگ پوکپی پولیس اسٹیشن میں ایک صفر ایف آئی آر درج کی گئی تھی، جسے 21 جون کو جائے واردات کے مقام تھوبل منتقل کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق کیا ہوا؟
کانگ پوکپی پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کے مطابق، 900 سے 1000 لوگوں کے ہجوم نے چار مئی کی سہ پہر تین بجے کے قریب نونگ پوک سیکمائی گاؤں پر حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے گھروں کو آگ لگا دی۔ یہ حملہ آور میئتی برادری کے لوگ تھے اور نشانے پر کوکی کمیونٹی تھی۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اس خوفناک تشدد کے دوران ایک خاتون کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی بھی کی گئی۔
درج کرائی گئی شکایت کے مطابق عصمت دری کی متاثرہ کے والد اور بھائی کو ہجوم نے مار ڈالا۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون کا 19 سالہ بھائی اپنی بہن کو ہجوم سے بچانے کی کوشش میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ ایف آئی آر میں قتل کے الزامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔ گاؤں کے مکھیا کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق، اس تشدد کے دوران گاؤں کی دو خواتین سمیت پانچ افراد اپنی جان بچا کر جنگل کی طرف بھاگ گئے۔ ان لوگوں کو پولیس بچا کر تھانے لے جا رہی تھی۔ تاہم، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ تھانے سے تقریباً 2 کلومیٹر پہلے، تقریباً 900 سے 1000 افراد کے ہجوم نے، جن میں سے کچھ کے پاس جدید ترین ہتھیار تھے، نے پولیس ٹیم کو روکا اور پانچوں افراد کو زبردستی اپنی تحویل میں لے لیا۔
ہجوم نے خواتین کو زبردستی برہنہ کر کے ان کی پریڈ کروائی، ان کے ساتھ تشدد کیا، بعد ازاں 21 سالہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کی۔ جب اس کے بھائی نے اسے بچانے کی کوشش کی تو ہجوم نے اسے مار ڈالا۔ شکایت کے مطابق بڑی مشکل سے دونوں خواتین وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئیں۔
مزید پڑھیں: Manipur Violence منی پور میں خواتین کو برہنہ کرکے سڑکوں پر دوڑایا گیا، ایک بار پھر حالات خراب
تین مئی سے انٹرنیٹ بند
اہم بات یہ ہے کہ منی پور میں تین مئی سے انٹرنیٹ کو معطل کر دیا گیا ہے، جب ریاست میں کوکی اور میتی برادریوں کے درمیان نسلی تشدد شروع ہوا تھا۔ اس تشدد میں اب تک 140 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 54,000 سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔