امپھال: منی پور میں مسلسل دو ماہ سے حالات کشیدہ ہیں۔ تاہم حکومت اور فوج کی تمام تر کوششوں کے بعد ریاست میں تشدد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ دریں اثنا، منی پور حکومت نے کہا کہ ریاست کے تمام اسکولوں میں معمول کی کلاسوں کا دوبارہ آغاز 8 جولائی تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ سرکاری حکم نامے میں ریاست کے تمام اسکولوں کو معمول کی کلاسز آٹھ جولائی 2023 تک بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ اسکولی تعلیم، منی پور کے تحت تمام علاقائی تعلیمی افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام متعلقہ افراد کو مطلع کریں اور اس کے مطابق ضروری کارروائی کریں۔
قبل ازیں، منی پور پولیس نے جمعرات کو کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں فائرنگ کے چھٹپٹ واقعات کی وجہ سے کچھ مقامات پر حالات کشیدہ ہیں، لیکن زیادہ تر اضلاع میں حالات معمول پر ہیں۔ تقریباً دو ماہ قبل تین مئی کو ریاست میں موئتی کمیویٹی کو درج فہرست قبائل کا درجہ دینے کے مطالبے کے خلاف آل ٹرائبل اسٹوڈنٹس یونین (اے ٹی ایس یو) کی جانب سے نکالی گئی ریلی کے دوران پُر تشدد جھڑپیں ہو گئی تھیں جس کے بعد سے ریاست میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔