لندن: لندن میں خالصتانی حامیوں کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن میں توڑ پھوڑ اور عمارت کی پہلی منزل کی بالکونی سے بھارتی پرچم کو نکالنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بی بی سی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ویڈیوز میں ایک ہجوم کو پیلے رنگ کے خالصتان کے بینرز لہراتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور ایک شخص عمارت کی پہلی منزل کی بالکونی سے بھارتی پرچم کو الگ کر رہا ہے۔
اس پرتشدد مظاہرے میں دو سیکورٹی گارڈز زخمی ہوئے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔پی اے نیوز ایجنسی نے کہا کہ ہجوم کے ارکان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ سکھ علیحدگی پسند تحریک کے حامی ہیں۔ اتوار کو افسران کو بھارتی ہائی کمیشن میں طلب کیا گیا۔برطانوی نشریاتی ادارے نے میٹروپولیٹن پولیس کے حوالے سے بتایا کہ جائے واقعہ پر موجود لوگوں کی اکثریت پولیس کی آمد سے پہلے ہی منتشر ہو چکی تھی۔
فورس کے ترجمان نے کہا کہ کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور سیکورٹی عملے کے دو ارکان کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں ہسپتال میں علاج کی ضرورت نہیں تھی۔ اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے لندن کے میئر صادق خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ میں آج (اتوار) بھارتی ہائی کمیشن میں ہونے والے پرتشدد بدنظمی اور توڑ پھوڑ کی مذمت کرتا ہوں۔ ہمارے شہر میں اس قسم کے رویے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میٹ کی طرف سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ بھارت میں برطانوی ہائی کمشنر ایلکس ایلس نے اس واقعہ کو شرمناک اور مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیا۔
مزید پڑھیں:۔Amritpal Singh Arrested خالصتان نواز رہنما امرت پال سنگھ گرفتار، وارث پنجاب دے کے قانونی مشیر کا دعوی
بھارت نے گزشتہ اتوار کی شام یہاں نئی دہلی میں برطانیہ کے سب سے سینئر سفارت کار کو طلب کیا اور لندن میں بھارتی ہائی کمیشن پر حملہ کرنے والے علیحدگی پسند اور انتہا پسند قوتوں کے خلاف حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر برطانیہ کی حکومت پر سخت احتجاج کا اظہار کیا۔ بھارت نے برطانوی سیکورٹی کی مکمل عدم موجودگی کی وضاحت کا مطالبہ کیا جس نے ان عناصر کو ہائی کمیشن کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت دی۔ بتادیں کہ اتوار کو ایسی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں خالصتانی حامیوں کو لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے ترنگا کو سرنگو کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ انہوں نے خالصتانی کے حق میں نعرے لگائے اور پنجاب میں خالصتان کے حامی رہنما امرت پال سنگھ کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کو خالصتانی پرچم بھی لہراتے ہوئے دیکھا گیا۔ جس کے بعد بھارت نے اپنے سفارتی مشن کی حفاظت پر برطانوی حکومت سے شدید احتجاج درج کرایا۔ احاطے میں سیکورٹی کی کمی پر بھی سوال اٹھایا گیا۔