مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی دہلی کے چار روزہ دورے کے بعد جمعہ کے روز مغربی بنگال روانہ ہو گئیں۔ حالانکہ وہ این سی پی کے سربراہ شرد پوار سے نہیں مل سکیں لیکن انہوں نے شرد پوار سے فون پر بات کی۔
بتایا جاتا ہے کہ شرد پوار کے ممبئی کے دورے کی وجہ سے ممتا بنرجی سے دہلی میں ملاقات نہیں ہو سکی لیکن ممتا نے کہا کہ 'وہ دو ماہ کے اندر دوبارہ دہلی آئیں گی۔' ممتا بنرجی پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں اپوزیشن پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کرنا چاہتی تھیں لیکن کووڈ پروٹوکول کی وجہ سے اس کی اجازت نہیں دی گئی۔
دوسری جانب ممتا نے اپنے دورے کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ 'ہم سب کو مل کر ملک کی ترقی کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔' تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کی ضرورت پر ایک بار پھر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'آج ایندھن کی مہنگائی، ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور کسانوں کے مسئلے کو نمایاں طور پر اٹھانے کی ضرورت ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'وہ کسانوں کی تحریک کی حمایت کرتی ہیں۔ کسان رہنماؤں کے کولکتہ آنے پر ان سے ملاقات ہوئی تھی۔ دہلی میں کسان رہنماؤں سے ملنے کے لیے کوئی طے شدہ پروگرام نہیں تھا لیکن اگر کسان رہنما ان سے ملنا چاہتے ہیں تو وہ ضرور ان سے ملیں گی۔'