مہاراشٹرکے مالیگاؤں میں رکشا پر درخت گرنے سے ڈرائیور سمیت خاتون اور بچہ زخمی ہوگئے ہیں۔ فائر بریگیڈ محکمے کے افسر سنجے پوار نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی کہ مالیگاؤں میں واقع جونا آزاد نگر علاقے میں موسلادھار بارش اور طوفانی ہواؤں کے سبب ایک درخت آٹو رکشا اور ٹھیلہ گاڑی پر گرگیا۔
جاری ہفتے میں تیز ہواؤں کے سبب جہاں ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں کے اکثر وبیشتر علاقوں میں درخت گرنے اور الیکٹرک پول گرنے کے معاملات سامنے آئے وہیں گزشتہ روز جونا آزاد نگر علاقے میں واقع کوہ نور مسجد کے پاس جاری موسلادھار بارش اور طوفانی ہواؤں کے سبب ایک درخت اچانک آٹو رکشا پر گرگیا۔ جس کی وجہ سے رکشا نمبر MH.41.B 3418 میں سوار الطاف انصاری (رکشا ڈرائیور) اور مسافروں میں ایک خاتون سمیت ایک بچہ معمولی زخمی ہوئے۔
اس تعلق سے فائر بریگیڈ محکمے کے افسر سنجے پوار نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی وہ اپنے خصوصی دستے کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ سنجے پوار نے کہا کہ فائر بریگیڈ عملہ کے پہنچنے تک حادثے کے قریب موجود نوجوانوں نے رکشا میں سوار لوگوں کو رکشا سے باہر نکال لیا۔اور زخمی ہونے والے لوگوں کو قریب کے ہسپتال میں روانہ کردیا گیا۔ لیکن موسلادھار بارش اور طوفانی ہواؤں کے سبب ٹوٹ کر گرنے والا درخت راستے پر ہی پڑا ہوا تھا۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو آنے جانے میں کافی دشواری ہو رہی تھی۔ فائر بریگیڈ عملے نے اس درخت کو راستے سے ہٹایا۔
واضح رہے کہ اس حادثے میں رکشا اور ٹھیلہ گاڑی کا کافی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے درخت گرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ یہ درخت کافی قدیم تھا اس کی جڑیں کمزور ہوگئی تھی اور تیز ہواؤں کی وجہ سے یہ درخت گرگیا۔
اس ضمن میں مقامی لوگوں نے سوال کیا کہ جب کوئی درخت کاٹنے کی کوشش کرتا ہے تو انتظامیہ اس پر فوراً کارروائی کرتی نظر آتی ہے لیکن جب اس طرح درخت کمزور ہوجاتے ہیں تب انتظامیہ اس پر کوئی حفاظتی اقدامات کرتی نظر کیوں نہیں آتی۔؟