نئی دہلی، کانگریس کی مختلف تنظیموں نے پیر کو یہاں احتجاج کیا اور حکومت پر الزام لگایا کہ وہ اڈانی معاملے میں پارٹی لیڈر راہل گاندھی کے ذریعہ اٹھائے گئے سوالات پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی سے سوالات پوچھے اور پوسٹ کارڈ مہم کی شروعات کی۔مہیلا کانگریس کی صدر نیتا ڈیسوزا کی قیادت میں تنظیم کے کارکنوں نے جنتر منتر پر جمہوریت بچانے کے لیے ایک ریلی نکالی جس میں مہیلا کانگریس کارکنوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے مسٹر گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت منسوخ کرکے ان کی آواز کو دبانے کے لیے سام، دام، ڈنڈ، بھید کے تمام طریقے اپنائے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی عوام کی آواز بن کر ابھرے ہیں، اسی لئے بی جے پی ان سے خوفزدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے مودی اور اڈانی کے تعلقات کے تعلق سے جو سوالات اٹھائے ہیں وہ اب پورے ملک کے ہمارے اور آپ کے سوالات بن گئے ہیں۔ اگر مسٹر گاندھی کو جیل میں ڈالا جاتا ہے تو ہم سب جیل بھرنے کے لیے تیار ہیں۔