ممبئی: مرکز میں آر ایس ایس کے قیادت والی بی جے پی حکومت کے آنے کے بعد سے ملک میں مہنگائی، غریبی اور بے روزگاری کی صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے ملک کے عوام کے ذہنوں میں مرکزی حکومت کے خلاف شدید ناراضگی ہے۔ مودی حکومت کی مختلف سطحوں سے سخت تنقید کی جارہی ہے، اس کے باوجود مودی حکومت اس پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔ یہ باتیں مہاراشٹر کے ریاستی کانگریس صدر نانا پٹولے نے کہی ہے۔Nana Patole On RSS
انہوں نے کہا ہے کہ آج آر ایس ایس ملک میں سماجی عدم مساوات کی بات کر رہی ہے، جبکہ سچائی یہ ہے کہ آر ایس ایس نے ہی اسے پیدا کیا ہے اور پالا پوسا ہے۔ اگر آر ایس ایس واقعی مہنگائی، غریبی وسماجی عدم مساوات سے پریشان ہے تواسے مودی حکومت سے جواب طلب کرنا چاہئے۔ نانا پٹولے نے کہا کہ آر ایس ایس نے ہی ملک میں عدم مساوات کا بیج بویا ہے اور وہی اس کے پھیلنے کی ذمہ دار ہے۔گزشتہ 8 سال سے مرکز میں آر ایس ایس کے نظریے کی حامل حکومت ہے اور بی جے پی کی مودی حکومت سنگھ کے نظریے کے مطابق ہی کام کر رہی ہے۔ اس حکومت کے دوران غریبوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ مودی حکومت خود کہتی ہے کہ ملک میں 80 کروڑ لوگوں کو مفت اناج فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ ملک میں بڑھتی ہوئی غربت کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔
نانا پٹولے نے کہا کہ ترقی کی شرح سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت کے دوران سب سے زیادہ تھی۔ 24 کروڑ لوگوں کو غربت کی سطح سے اوپراٹھایا گیا تھالیکن مودی حکومت کے دور میں غلط پالیسیوں کی وجہ سے شرح نمو مسلسل گر رہی ہے۔ 27 کروڑ لوگ پھر سے غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں۔ بیروزگاری 45 سال میں سب سے زیادہ ہے۔