مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے اورنگ آباد کے دورے میں مراٹھواڑہ کی ترقی کے لیے متعدد اسکیمز کا اعلان کیا۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر آصف جاہی دور کی دیڑھ سو اسکولی عمارتوں کی تزئین کاری کا بھی اعلان کیا۔
وزیر اعلی کی آمد کے پیش نظر شہر میں سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے گیے۔ وزیر اعلی نے سدھارتھ گارڈن، ضلع پریشد اور آریک سٹی پروجیکٹ کے پروگرامز میں شرکت کی، تاہم وقف بورڈ کی زمین پر زیر تعمیر اسمارٹ سٹی آفس کا عین وقت پر دورہ ملتوی کردیا گیا۔
آصف جاہی دور کی تقریباً دیڑھ سو اسکولی عمارتوں کی تزئین کاری کی جائے گی۔ اس اعلان کے ساتھ وزیر اعلی نے مراٹھواڑہ میں ترقیاتی اسکیمز کا بیورہ پیش کیا۔ ادھو ٹھاکرے نے آصف جاہی دور کی عمارتوں کے لیے مرحلہ وار 20 کروڑ روپے فنڈ جاری کرنے کا بھی اعلان کیا۔
اس موقع پر ایم آئی ایم کے رکن پارلیمان امتیاز جلیل نے وزیر اعلی کے سامنے اورنگ آباد میں انٹرنیشنل اسپورٹس یونیورسٹی کے قیام کا مسئلہ اٹھایا۔ رکن پارلیمان کا کہنا ہے کہ اگر اسپورٹس یونیورسٹی اورنگ آباد میں قائم کی جاتی ہے تو وزیر اعلی کے قدموں میں پھول بچھائیں جائیں گے۔