بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے الور ماب لنچنگ معاملہ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اب کہاں گئے نصیر الدین شاہ، عامر خان اور منور رانا؟ اُن لوگوں کو اب کچھ نظر نہیں آرہا ہے اور نہ ہی ایوارڈ واپسی گینگ کو کچھ نظر آرہا ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ راجستھان میں ہوئی ماب لنچنگ میں وہاں کی حکومت کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان کو کشمیر کے رُخ پر لے جانے کا کام کیا جا رہا ہے۔ Narottam Mishra React On Alwar Mob Lynching
انہوں نے کہا کہ راجستھان میں کانگریس حکومت کے دور اقتدار میں حالات بے قابو ہوگئے ہیں۔ گھروں میں گھس کر لوگوں کا قتل کیا جارہا ہے۔ راجستھان کے کرولی میں فساد ہو جاتے ہیں اور فسادیوں کے ماسٹر مائنڈ کھلے عام گھوم رہے ہیں جس سے وہاں کے عوام خوف اور ہراس محسوس کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود کہیں بھی آپ کو آئین خطرے میں نظر نہیں آرہا ہو گا۔ ایوارڈ واپسی گینگ خاموش ہے اور نہ لوگوں کو بھارت میں رہنے میں ڈر لگ رہا ہوگا۔