سری نگر: فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی نے ہفتے کے روز لائن آف کنٹرول کے اگلے علاقوں کا دورہ کرکے کٹھن ترین موسمی حالات میں فوجی جوانوں کی بے لوث خدمات اور حوصلے کی تعریف کی۔ اس موقع پر سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اوجلا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ شمالی کمان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’انہوں (لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی) نے کٹھن ترین موسمی حالات میں فوجی جوانوں کی بے لوث خدمات اور حوصلے کی سراہنا کی‘۔ Army reviews security scenario in kashmir valley
سرحد پر تعینات اہلکاروں سے بات چیت کے دوران شمالی کمان کے کمانڈر نے کہاکہ سخت ترین موسمی صورتحال اور دیگر چیلنجوں کے باوجود فوجی جوان اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فوج کی کاوشوں کے نتیجے میں ہی لائن آف کنٹرول پر اس وقت امن و امان قائم ہے۔ فوجی کمانڈر نے سرحد پر تعینات جوانوں کو بتایا کہ امن دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سرحد پر مزید چوکسی برتنے کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل چنار کور کے کمانڈر نے انہیں سری نگر ہیڈ کوارٹر پر سیکورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ’ فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی نے چنار کور کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور انہیں سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی‘۔ فوجی کمانڈر کو چنار کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل اے ڈی ایس اوجلا نے وادی کی موجودہ سیکورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی اور انہیں مخالفین کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی۔