نئی دہلی: لوک سبھا میں بدھ کے روز منی پور تشدد پر پارلیمنٹ میں تعطل کے درمیان کانگریس نے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جسے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے منظوری دے دی۔ دوپہر 12 بجے لوک سبھا کی کارروائی دوبارہ شروع ہونے پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی نے عدم اعتماد کی تحریک پیش کی۔ اس کے بعد اسپیکر اوم برلا نے اراکین کو بتایا کہ انہیں گورو گوگوئی کی طرف سے عدم اعتماد کی تحریک موصول ہوئی ہے اور وہ اس تحریک کو منظوری فراہم کرتے ہیں۔
لوک سبھا اسپیکر نے مزید کہا کہ ایوان کے لیڈروں سے صلاح و مشورہ کے بعد وہ تحریک عدم اعتماد پر بحث کے لئے وقت کا تعین کریں گے۔ واضح رہے کہ موجودہ لوک سبھا میں پہلی بار اپوزیشن کی طرف سے مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی ہے۔ دراصل منی پور کو لے کر پارلیمنٹ میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پانچویں دن بھی تعطل برقرار ہے اور اپوزیش ابھی بھی منی پور معاملے پر وزیراعظم سے بیان دینے کا مطالبہ کر رہا ہے۔
لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے وہپ مانیکم ٹیگور نے کہا کہ اپوزیشن نے وزیر اعظم کے تکبر کو توڑنے کے لیے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ پارلیمنٹ میں نہیں بول رہے ہیں۔ اپوزیشن کے سینئر لیڈروں نے کہا کہ 26 اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد، انڈیا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو منی پور تشدد پر پارلیمنٹ میں بولنے کے لیے تحریک پیش کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔