نئی دہلی: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ایوان میں وزیٹرس گیلری سے نوجوانوں کے چھلانگ لگانے اور گیس چھوڑنے کے واقعہ کو پارلیمنٹ پر ایک اور حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی جانچ کرائی جائے گی اور تمام رہنماؤں کی تجاویز کے مطابق پارلیمنٹ کے حفاظتی انتظامات کو مزید پختہ بنایا جائے گا۔
جب شام 4 بجے ایوان کا اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو لوک سبھا اپیکر اوم برلا نے کہا کہ آج جو واقعہ پیش آیا ہے وہ ہم سب کے لیے باعث تشویشناک ہے، یہ ایک سنگین واقعہ ہے۔ جس شخص نے اس واقعہ کو انجام دیا اسے ہمارے معزز اراکین پارلیمنٹ، سکیورٹی اہلکاروں، مارشلز اور چیمبر کے عملے نے بڑی چوکسی اور بڑی مستعدی کے ساتھ پکڑا۔
انہوں نے کہا کہ 2001 میں اسی دن پارلیمنٹ کے سکیورٹی عملے نے اسی طرح ایک دہشت گردانہ حملہ ناکام بنایا تھا، آج پھر ہم نے اس طرح کے حملے کو ناکام بنانے کی اجتماعی کوشش کی ہے، اس کے لیے سب کا شکریہ۔