راجیہ سبھا میں اہم اپوزیشن کانگریس اور دیگر پارٹیوں نے پٹرول اور ڈیزل کی روز بروز بڑھتی قیمتوں کے سلسلے میں منگل کو راجیہ سبھا میں ہنگامہ کیا جس کے سبب ایوان کی کارروائی پہلے 12 بجے تک ، پھر دو بجے تک اور اس کے بعد کل تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔
صبح گیارہ بجے وقفہ صفر کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان نے ہنگامہ شروع کردیا۔
ڈپٹی اسپیکر ہری ونش نے کہا کہ اپوزیشن کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے، بہوجن سماج پارٹی کے ستیش چندر مشرا، شیو سینا کی پرینکا چترویدی اور ڈی ایم کے کے تروچی شیوا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر ضابطہ 267 کے تحت کام ملتوی کرنے کی تحریک دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر ایم وینکیا نائیڈو نے کل ہی ضابطہ 267 پر انتظام دیا تھا۔ اسپیکر کی اجازت کے بغیر ضابطہ 267 پر بحث نہیں ہوسکتی۔ اس دوران اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان ایوان کے بیچ میں آگئے اور نعرے بازی کرنے لگے۔ تقریباً 20 منٹ کی کارروائی کے بعد ایوان کی کارروائی 12 بجے تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔
یو این آئی۔