نئی دہلی:لوک سبھا میں اپوزیشن ارکان نے منی پور معاملے پر مسلسل ہنگامہ کھڑا کیا جس کی وجہ سے مانسون سیشن میں مسلسل چوتھے دن وقفہ سوالات کا وقت متاثر رہا اور اسپیکر اوم برلا کو ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔ اوم برلا نے جیسے ہی وقفہ سوالات شروع کیا، اپوزیشن کے اراکین نے ہنگامہ کرتے ہوئے کرسی کے سامنے آ کر نعرے بازی شروع کر دی۔ اسپیکر نے وقفہ سوالات شروع کرنے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن ارکان مسلسل شور و غل کرتے رہے۔ ہنگامہ بڑھتا ہوا دیکھ کر لوک سبھا کے اسپیکر نے اراکین سے کہا، 'آپ وقفہ سوالات جیسی اہم کارروائی کو چلنے نہیں دے رہے ہیں۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں نعرے بازی کررہے ہیں۔ ہنگامہ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ آپ اپنی سیٹ پر بیٹھ جائیں۔ میں آپ کو ہر مسئلے پر بولنے کے لیے کافی وقت دوں گا۔
اوم برلا نے مزید کہا کہ 'میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ پارلیمنٹ کا وقار برقرار رکھیں، پلے کارڈز ایوان میں لانا پارلیمانی روایت کے مطابق نہیں۔ میں آپ سے پہلے بھی درخواست کر چکا ہوں۔ آپ سب سینئر ممبر ہیں، پارلیمنٹ کا وقار برقرار رکھیں۔ آپ ایوان نہیں چلانا چاہتے، وقفہ سوالات نہیں چلانا چاہتے، سنجیدہ مسائل پر بات نہیں کرنا چاہتے۔ برلا کی بات کا اراکین پر کوئی اثر نہیں ہوا، اس لیے انہوں نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی۔ وہیں راجی سبھا کی کارروائی دوپہر بارہ بجے تک کے لیے ملتوی کیا گیا تھا فی الحال راجیہ سبھا کی کارروائی جاری ہے۔ واضح رہے کہ منگل کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی باقاعدہ وقت پر شروع ہوئی۔ اسپیکر اوم برلا جیسے ہی لوک سبھا پہنچے اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ شروع کردیا۔