نئی دہلی: لوک سبھا میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی رکنیت کی منسوخی اور اڈانی گروپ کے خلاف جے پی سی انکوائری کے مطالبے پر حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان کشیدگی جاری رہی۔ ہنگامہ آرائی کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی بدھ تک ملتوی کر دی گئی۔ اس دوران اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی شروع ہوتے ہی ایوان کے موجودہ رکن گریش چندر باپٹ کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا انہوں نے بتایا کہ باپٹ پونے سے لوک سبھا کے رکن تھے اور ان کا انتقال 29 مارچ کو ہوا تھا۔ ایوان میں مرحوم ارکان کو خاموشی اختیار کرکے خراج عقیدت پیش کیا گیا جس کے بعد ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔
راجیہ سبھا کی کارروائی اڈانی معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کے ہنگامہ آرائی کی وجہ سے بدھ تک ملتوی کر دی گئی۔ دوپہر کے کھانے کے وقفے کے بعد جب کارروائی شروع ہوئی تو چیئرمین جگدیپ دھنکڑ نے ارکان کو یوم راجیہ سبھا کی مبارکباد دی اور ارکان سے ایوان کو خوش اسلوبی سے چلانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوان بالا ہے جہاں مسائل پر غور و خوض ہونا چاہیے۔ یہ وہ جگہ نہیں ہے جس میں کوئی خلل پیدا ہو۔ اس کے بعد جیسے ہی انہوں نے کارروائی شروع کرنے کی کوشش کی تو کانگریس ارکان نے نعرے بازی شروع کر دی اور اپنی نشستوں سے اٹھ کر کرسی کی طرف آگئے۔ اسپیکر نے مسابقتی (ترمیمی) بل 2023 کو کانگریس کے ارکان کے ہنگامے کے درمیان منظور کرایا۔ بل کو بغیر کسی بحث کے صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے ایوان کی کارروائی بدھ تک ملتوی کر دی۔