پٹنہ: لوک گیت سے مشہور ہوئی گلوکارہ نیہا سنگھ راٹھور آج یوم خواتین کے تعلق سے منعقد ایک تقریب میں حصہ لینے پٹنہ پہنچی اور یوگی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں لوک گیت کی وجہ سے جانی جاتی ہوں، میں اپنے گیت کے ذریعہ مسائل پر حکومت کی توجہ دلاتی ہوں مگر حکومت اسے برداشت نہیں کرتی، آپ جانتے ہیں کہ ابھی کچھ دنوں قبل ہی یوگی حکومت نے مجھے نوٹس بھیجا ہے اور میرے شوہر جہاں درس و تدریس کے فرائض انجام دیتے ہیں وہاں سے بھی انہیں باہر کرنے کے لیے دباؤ بنایا گیا ہے۔ حکومت انتقامی جذبے سے کام کر رہی ہے، جو ہمارے ملک کے لئے بہتر نہیں ہے۔
پٹنہ کے ودھیاپتی کانفرنس ہال میں ڈیموکریٹک چرخہ کی جانب سے منعقد یوم خواتین تقریب میں نیہا سنگھ راٹھور کے علاوہ شہر کی بیس سے زائد خواتین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔ نیہا سنگھ راٹھور نے کہا کہ بہار کی زمین زرخیز رہی ہے، مجھے بے حد خوشی ہے کہ ڈیموکریٹک چرخہ نے خواتین کے اعزاز میں یہ تقریب منعقد کر ان کا حوصلہ بڑھایا ہے، اس سطح پر اور بھی دوسری تنظیموں کو بھی آگے آنا چاہیے۔ خواتین جس کام کو بھی کرتی ہے اس میں تندہی کے ساتھ انجام دیتی ہے۔ پہلے کے مقابلے اب خواتین کو بھی معاشرے میں عزت و مقام دیا جا رہا ہے جو پہلے نہیں تھا۔ آج خواتین ہر شعبے میں نمایاں کارہائے نمایاں انجام دے رہی ہیں۔