مئو ضلع کے تقریباً دو تہائی رقبہ کو منسلک کرنے والا اندارا دوہری گھاٹ ریل روٹ گزشتہ پندرہ سال سے بند ہے۔ سنہ 1894 میں مکمل ہوئی اس میٹر گیج ریل لائن پر 100 سال سے زائد عرصہ تک ٹرین کی خدمات جاری رہیں۔ سال 2003 میں اندارا سے دوہری گھاٹ ریل روٹ پر ٹرین کی آمد و رفت مکمل طور پر بند کر دی گئی۔ سالوں تک یہ پورا ریل روٹ ویران رہا۔
سال 2018 اس ریل روٹ کو براڈ گیج میں تبدیل کرنے کی تجویز وزارت ریل نے منظور کی۔ 36 کلومیٹر مسافت والے ریل روٹ کو تین سال میں مکمل ہونا تھا، لیکن سست رفتار سے جاری تعمیر کی وجہ سے یہ اب بھی نامکمل ہے۔
اندارا دوہری گھاٹ ریل روٹ پر کئی ایسے قصبے ہیں جہاں بنکروں کی کثیر آبادی مقیم ہے۔ یہاں ہزاروں کی تعداد میں پاور لوم نصب ہیں۔ تقریباً پانچ لاکھ آبادی بنکاری کاروبار پر منحصر ہے۔ میٹر گیج ریل لائن کے دور میں اس روٹ پر واقع ادری، کوپاگنج، گھوسی جیسے بنکر اکثریت والے قصبوں سے ساڑیاں پورے ملک میں سپلائی کی جاتی تھیں۔