کانفرنس میں این سی پی کے مقامی صدر آصف شیخ نے کہا کہ انہوں نے شہر مالیگاؤں میں واقع مالدہ، گرووار وارڈ اور اطراف کے علاقوں کا جائزہ لیا، جس کے مطابق علاقے میں سو سے زائد مساجد، مدارس اور خانقاہیں موجود ہیں، ان علاقوں کی 99 فیصد آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہے۔ اس کے باوجود ان علاقوں میں قبرستان موجود نہیں ہے حالانکہ علاقے میں ایک قبرستان کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج شہر کی آبادی میں تیز رفتاری سے اضافہ ہوتا جارہا ہے اور دوسرے شہروں سے آنے والے لوگ بھی قومی شاہراہ کی دوسری جانب آباد ہونے لگے ہیں۔
آصف شیخ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جب ان علاقوں میں کسی کی میت ہوتی ہے تو انہیں تدفین کیلئے ایک طویل سفر طے کر کے شہر کے بڑا قبرستان تک آنا پڑتا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر کارپوریشن انتظامیہ، ٹاؤن پلانر ڈپارٹمنٹ توجہ دیں تو اس علاقے میں ایک نئے قبرستان کا انتظام کیا جاسکتا ہے۔