مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے اتوار کو کہا کہ جس طرح دفعہ 370 کو منسوخ کیا گیا ، اسی طرح نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے) کو آزاد کرانے کے لئے پرعزم ہے۔
جتیندر سنگھ نے 1990 میں وادی سے کشمیری پنڈتوں کے مبینہ انخلا پر مبنی فلم "دی کشمیر فائلز" کی تنقید کرنے پر نیشنل کانفرنس کو نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ 1987 کے اسمبلی انتخابات میں بدعنوانی کے سبب جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی میں اضافہ ہوا ہے۔
مزید پڑھیں:۔جموں و کشمیر میں 800 سے زیادہ مرکزی قوانین نافذ
انہوں نے ضلع کٹھوعہ میں جموں و کشمیر کے بانی مہاراجہ گلاب سنگھ کے 20 فٹ اونچے مجسمے کی نقاب کشائی کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "پارلیمنٹ نے 1994 میں صوتی ووٹ کے ذریعے قرارداد پاس کیا تھا، جس میں اس بات پر زور دیا گیا تھا کہ پاکستان کو اس کے غیر قانونی قبضے والے جموں و کشمیر کے حصے کو خالی کرانا ہوگا۔ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کو آزاد کرانے کے لئے ہم پرعزم ہیں۔
سنگھ نے کہاکہ "آرٹیکل 370 کو منسوخ کیا گیا ہے اور یہ بی جے پی کے وعدے کے مطابق کیا گیا جبکہ یہ بہت سے لوگوں کے تصور سے باہر تھا۔ اسی طرح سنہ1980 میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے پیشین گوئی کی تھی کہ بی جے پی شاندار جیت حاصل کرے گی، حالانکہ یہ لوگوں کے تصور سے بھی باہر تھا۔