مدھیہ پردیش کے دیواس اور آگر مالوا اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے کے الگ الگ واقعات میں سات خواتین سمیت نو افراد ہلاک ہوگئے۔ ان واقعات میں چار دیگر افراد بھی جھلس گئے ہیں۔ ضلع دیواس میں چھ اور آگر مالوا میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ان حادثات پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور مرنے والوں کے اہل خانہ کو 4-4 لاکھ روپے دینے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ضلع دیواس کے گاؤں ڈیریا گڈیا، خل اور بامنی خورد میں آسمانی بجلی گرنے کے تین مختلف واقعات میں پانچ خواتین سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے۔
ستواس تھانہ علاقے کے گاؤں موہائی جاگیر میں آسمانی بجلی گری جس کی زد میں آنے سے ایک مرد اور دو لڑکیاں کھیت میں کام کر رہی تھیں ہلاک ہو ئیں۔ ہلاک ہونے والوں میں رام سوروپ گرجر اور ان کی بیٹی مایا اور ایک دوسری خاتون ٹینا شامل ہیں۔ رام سوروپ گاؤں ڈہریا کے رہائشی تھے، جبکہ ٹینا باگن کھیڑا گاؤں کی رہنے والی تھیں۔
دوسرا واقعہ بامنی بزرگ میں پیش آیا۔ یہاں بھی کھیت میں کام کر رہی ایک خاتون ریکھا بجلی گرنے سے ہلاک ہوئی ہیں، وہیں دیپیکا اور ساوتری بائی اس حادثے میں زخمی ہو ئیں۔