اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

Lightning Havoc: یوپی، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں آسمانی بجلی کا قہر، 60 سے زائد افراد ہلاک

اترپردیش، راجستھان اور مدھیہ پردیش کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 60 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اترپردیش میں آسمانی بجلی گرنے سے 41 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ راجستھان میں 8 بچوں سمیت 25 افراد کی موت ہوگئی، وہیں مدھیہ پردیش میں بھی دو افراد کی موت کی خبر ہے۔

lightning havoc in up rajasthan and madhya pradesh
یوپی، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں آسمانی بجلی کا قہر، 60 سے زائد افراد ہلاک

By

Published : Jul 12, 2021, 10:46 AM IST

ریاست اترپردیش کے کئی اضلاع میں آسمانی بجلی کے قہر سے کل 41 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ کانپور ڈویژن میں 18، پریاگراج میں 13، کوشامبی میں 4، آگرہ میں 3، وارانسی، پرتاپ گڑھ اور رائے بریلی اضلاع میں ایک ایک شخص ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 30 سے ​​زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

بجلی گرنے سے سب سے زیادہ نقصان کانپور ڈویژن میں ہوا ہے۔ کانپور دیہی علاقوں کی تحصیل بھگنی پور کے مختلف گاؤں میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وہیں گھاٹم پور میں ایک، ضلع فتح پور میں سات اور ہیرپور کے گاؤں میں دو افراد کی موت ہوگئی۔

باندا کوتوالی کے علاقہ موتیاری گاؤں میں ایک 13 سالہ بچی اور انناؤ کے گاؤں سرائے بیدرا میں دو بچے کی جان چلی گئی۔ گھاٹم پور میں 38 مویشیوں کی بھی ہلاکت ہوئی ہے۔ پریاگراج میں گرج چمک کے ہوئی بارش کے دوران مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 13 افراد ہلاک ہوگئے اور چار افراد زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پریاگ راج کے علاقے کورون میں تین، باڑہ میں تین اور کارچھنا میں دو افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔گنگا پور کی تحصیل سوراوں میں پانچ افراد کی موت ہو گئی۔

وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے چترا کوٹ، انناؤ ، پریاگراج، فیروز آباد، کوشامبی ، کانپور نگر، کانپور دیہات میں آسمانی بجلی گرنے سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ قواعد کے مطابق فوت ہونے والے افراد کے لواحقین کو فوری طور پر امدادی رقم تقسیم کی جائے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بجلی گرنے سے زخمی ہونے والے افراد کے مناسب علاج معالجے کی ہدایات بھی دی ہیں۔

راجستھان میں بھی آسمانی بجلی کا قہر

اسی دوران راجستھان میں بھی مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث چار مختلف مقامات پر دردناک حادثات پیش آئے، جس میں 25 افراد کی موت ہوگئی۔ جے پور کے عامر میں آسمانی بجلی گرنے سے 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: Lightning Strike: آسمانی بجلی کے زد میں آنے والے افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے گی: امین کاغذی

کوٹہ کے گرڑا گاؤں میں بکریوں کو چرانے کے لیے گئے بچوں پر آسمانی بجلی گرنے سے 4 بچوں کی موت ہوگئی۔ ڈھول پور میں بھی 3 بچے جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ اسی دوران چکسو کے باگاریہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچے کی موت ہوگئی۔ جھالاور میں بھی ایک شخص کی موت ہوگئی ہے۔

بشکریہ ٹویٹر

وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کے ساتھ سچن پائلٹ نے بھی ان حادثات پر غم کا اظہار کیا ہے۔ سی ایم گہلوت نے کہا کہ آج کوٹہ، ڈھول پور ، جھالواڑ ، جے پور اور باران میں آسمانی بجلی گرنے سے جانی نقصان بہت زیادہ دردناک ہے۔ متاثرہ افراد کے اہل خانہ سے میری گہری تعزیت۔ وہیں اہلکاروں کو متاثرین کے اہل خانہ کو فوری طور پر امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے اور زخمیوں کو معاوضے کا بھی حکم دیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اموات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ٹویٹ کیا "راجستھان کے کچھ علاقوں میں آسمانی بجلی کی وجہ سے بہت سارے لوگ اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ لوگوں کی ہلاکت پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہوں۔"

بشکریہ ٹویٹر

مدھی پردہش میں بھی آسمانی بجلی کا قہر

مدھیہ پردیش میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد کی موت ہوگئی۔ یہ حادثہ گوالیار شہر میں پیش آیا۔ اس دوران دو افراد شدید طور سے جھلس گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ضلعی اسپتال میں داخل کیا گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چرواہے بھیڑوں کو چرانے گئے تھے لیکن بارش کی وجہ سے چاروں شخص ایک درخت کے نیچے پناہ لی تھی تبھی یہ حادثہ پیش آیا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details