اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

Rajnath Singh On Cadet کیڈٹس ملک کی تیز رفتار ترقی میں تعاون کریں، راج ناتھ سنگھ - Rajnath Singh

راج ناتھ سنگھ نے دہلی این سی سی ریپبلک ڈے کیمپ کا دورہ کیا اور کیڈٹوں کو ان کی عمدہ کارکردگی اور فرض شناسی کے اعتراف میں رکشا منتری پدک اور توصیفی کارڈ پیش کئے۔

کیڈٹس ملک کی تیز رفتار ترقی میں تعاون کریں، راج ناتھ سنگھ
کیڈٹس ملک کی تیز رفتار ترقی میں تعاون کریں، راج ناتھ سنگھ

By

Published : Jan 21, 2023, 9:21 PM IST

نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے کیڈٹس سے ملک کی اقدار اور روایات سے وابستہ رہتے ہوئے نئے طریقے کی شناخت کرنے اور قوم کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے میں مدد کرنے کی اپیل کی ہے ۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے 21 جنوری 2023 کو دہلی کینٹ میں نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) ریپبلک ڈے کیمپ کا دورہ کیا اور کیڈٹوں کو ان کی عمدہ کارکردگی اور فرض شناسی کے اعتراف میں رکشا منتری پدک اور توصیفی کارڈ پیش کئے۔ اس سال رکشا منتری پدک نورتھ ایسٹرن ریجن ڈائرکٹریٹ کے انڈر آفیسر تنگوجلی نیامی اور راجستھان ڈائرکٹریٹ کے کیڈٹ اویناش جنگیر کو دیئے گئے ہیں۔رکشا منتری توصیف نامے جن لوگوں کو دیئے گئے وہ ہیں۔ اڑیشہ ڈائرکٹریٹ کے کیپٹن پرتاپ کیسری ہری چندن، کیڈٹ انڈر آفیسر جینی فرانسینا وکٹرآنند، تمل ناڈو ، پڈوچیری اور انڈومان ونکوبار ڈائرکٹریٹ سے، کیپٹن فضا شافی جموں وکشمیر اور لداخ ڈائرکٹر یٹ سے اور اتراکھنڈ ڈائرکٹریٹ کے کیڈٹ سہواگ رانا۔

دو ہزار کے قریب کیڈٹوں کے سامنے ایک پرجوش تقریر کرتے ہوئے رکشا منتری نے ان پر زور دیا کہ وہ نئے راستے دریافت کریں اور ملک کو تیزی سے ترقی کے راستے پر آگے لے جانے کے لئے مدد کریں۔ وزیر دفاع نے ان سے کہا کہ وہ ملک کی قدیم ترین اقدار اور روایات کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی پسند کے شعبے میں کام کریں۔ بدلتے وقت کے ساتھ خود کو عصری تقاضوں میں ڈھالنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ عالمی سیکورٹی کے منظرنامے میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں کی وجہ سے سامنے آنے والی آزمائشوں سے نمٹنے کے لئے ملک کو تیار رکھنے کی غرض سے حکومت کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انھوں نے کہا کہ اگر چہ بدلتے وقت کے ساتھ خود کویہ بدلنا ضروری ہوتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ملک کے تابناک ماضی سے جڑا رہنا بھی انتا ہی ضروری ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک ایسے مضبوط اور خوشحال ہندوستان کی تعمیر ہے جس کی جڑیں اپنی ثقافت اور روایات میں پیوست ہوں۔

وزیر دفاع نے نوجوانوں سے یہ بھی کہا کہ وہ ’’استعمال کرو اور پھینکو‘‘تصور کے خاتمے کے لئے کام کریں کیونکہ اس رواج سے ہمار امعاشرہ اور ماحول براہ راست یا بلاواسطہ متاثر ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ماحولیات کی تباہی نسل انسانی کی تباہی کے مترادف ہے۔ انھوں نے نوجوانوں نے خصوصا اور تمام لوگوں سے عموما اپیل کی کہ وہ اشیاء کے دوبارہ استعمال جہاں تک ممکن ہوسکے، کریں اور نیچر کی حفاظت کریں۔ انھوں نے نوجوانوں سے کہا کہ علم اور تعلیم جتنی ضروری ہے اتنے ہی ضروری زندگی کے اقدارہیں۔

راج ناتھ سنگھ نے کیڈٹوں سے زور دے کر کہا کہ جتنی اہمیت وہ علم حاصل کرنے یا دولت کمانے کو دیتے ہیں اتنی ہی اہمیت کردار سازی کو بھی دیں۔ انھوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اپنی محنت ، لگن اور اقدار کے ساتھ کیڈٹ کامیابیوں کی بلندیاں سر کریں گے اور ملک کا سرفخر سے بلند کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی کی راہ نوجوانوں سے ہو کر گزرتی ہے۔ جتنے مضبوط ہمارے نوجوان ہوں گے۔ ملک بھی اتنا ہی مضبوط ہوگا۔

وزیر دفاع نے این سی سی کی اس بات کے لئے تعریف کی کہ اس نے کیڈٹوں میں ایک قائد، سپاہی ، فنکار اور سب سے بڑھ کر ایک اچھاانسان ہونے کی خصوصیات پروان چڑھا کر ان کی شخصیت کو مضبوط کیا ہے۔ این سی سی میں نوجوانوں کو اتحاد ڈسپلین، سچائی، ہمت اور ہم آہنگی سکھائی جاتی ہے جو کہ ہمیشہ ہمارے ملک کے لئے مشعل راہ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ این سی سی اپنے کیڈٹوں میں جن خصوصیات کی نمو کرتی ہے ان میں اپنے مقصد کے حصول کا پختہ عزم، مل کر کام کرنے کا جذبہ اور ناکامی کے خوف سے نجات شامل ہیں۔ اس سے نوجوان اذہان کو نہ صرف یہ کہ خود اپنا راستہ بنانے میں مدد ملی ہے بلکہ اس سے معاشرے کو بھی اک نئی سمت ملتی ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے کیڈٹوں سے کہا کہ وہ ان خصوصیات کی نمو کرتے رہیں کیونکہ یہی خصوصیات ہیں جو آگے چل کر کسی شخص کو ایک مکمل شخصیت بناتی ہیں۔

ملک کے خامیوں سے پاک سیکورٹی بنیادی ڈھانچہ کو ٹیم ورک کی ایک نظیر قرار دیتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے زور دے کر کہا کہ مسلح افواج ہر طرح کے خطروں سےملک کو محفوظ رکھنے کے لئے تعینات ہیں جبکہ سائنسداں ، انجینئر ، سول آفیسر اور دیگر لوگ ان کے ساتھ شانہ بہ شانہ کام کرکے انھیں مدد پہنچارہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر جنگ لڑنے کی ضرورت پیدا ہوئی توپورا ملک ہماری مسلح افواج کے پیچھے کھڑا ہوگا۔ یہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہی ہے کہ ہندوستان نے ماضی میں اپنے دشمنوں کو شکست دی ہے اور بہت سی جنگیں جیتی ہیں۔

مل جل کر کام کرنے کے فائدوں پر مزید بات کرتے ہوئے رکشا منتری نے کہا کہ ہندوستان خود اس کی ایک تابندہ نظیر ہے کیونکہ یہاں مختلف زبانیں بولیاں، مذاہب اور عقیدوں کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس تنوع کے باوجود ہندوستان متحد ہے اور اپنے عوام کے مفادات کو محفوظ رکھنے کے لئے آگے بڑھ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپنے اپنے پس منظر سے قطع نظر تمام ہندوستان آگے آکر ملک کی تعمیر کے لئے کام کرتے ہیں۔ ہندوستان جس طرح لگاتار آگے بڑھ کر دنیا کے ممتاز ملکوں کے ساتھ آرہا ہے اس کی ایک بڑی وجہ یہی ہے۔ ہمیں یہی پہلو اپنی زندگی میں بھی لانا ہے۔ مل کر کام کرنے سے طاقت دوگنا ہوجاتی ہے، اس سے کامیابی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور تکبر کا جذبہ ختم ہوتا ہے۔ انھوں نے کہ اکہ این سی سی کیڈٹوں کو کبھی بھی گھمنڈ اور تکبر اپنے اندر نہیں رکھنا چاہئے اور ہمیشہ اپنے ملک اور اپنے معاشرے کا شکر گزار ہونا چاہئے۔

پروگرام کے حصے کے طور پر این سی سی کیڈٹوں نے راج ناتھ سنگھ کے سامنے ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیا۔ راج ناتھ سنگھ نے این سی سی کیڈٹس کے ایک دستے کے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ انھوں نے ملک بھر کے سترہ ڈائرکٹریٹس سے لئے گئے کیڈٹوں کی کارکردگی کی تعریف کی اور اسے ہندوستان کی کثرت میں وحدت کی نظیر بنایا۔ وزیر دفاع نے کیڈٹوں کے تیار کردہ فلیگ ایریا کا بھی معائنہ کیا جہاں مختلف سماجی بیداری موضوعات کو دکھایا گیا تھا۔ کیڈٹوں نے انھیں اپنے اپنے ماڈل کے بارے میں بتایا۔ اس کے بعد انھوں نے 'ہال آف فیم' کادورہ کیا جہاں این سی سی کی گزشتہ 75 برسوں کی حصولیابیوں سے متعلق گوٹو گراف اور دیگر سامان رکھا گیا ہے۔ ڈیفنس سکریٹر گردھر ارمانے، ڈی جی، این سی سی لفٹیننٹ جنرل گوربیر پال سنگھ اور دیگر سول اور فوجی افسران اس موقع پر موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: Contribution of NCC جگدیپ دھنکھڑ نے قوم کی تعمیر میں این سی سی کے تعاون کی تعریف کی

یو این آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details