پٹنہ : سی بی آئی اور ای ڈی زمین کے بدلے ملازمت بندعوانی معاملے میں مسلسل کارروائی کر رہی ہے۔ جہاں ایک طرف سی بی آئی حکام پوچھ گچھ کرکے فائل کو موٹا کرنے میں لگے ہوئے ہیں تو وہیں ای ڈی کے اہلکار جائیدادوں کی تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔ جمعہ کو ای ڈی نے ملک کے 24 مقامات پر 12 گھنٹے سے زیادہ وقت تک چھاپے مارے۔ اس میں لاکھوں روپے اور زیورات بھی برآمد ہوئے ہیں۔ای ڈی کے مطابق 600 کروڑ کی گڑبڑی کا پتہ چلا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ لالو یادو کے خاندان اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے مختلف مقامات پر رئیل اسٹیٹ سمیت مختلف شعبوں میں کی گئی سرمایہ کاری کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہے۔
اطلاع کے مطابق انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ یعنی ای ڈی نے لالو یادو کے قریبی اور کنبہ کے افراد کی مقامات سے ایک کروڑ روپے نقد کے ساتھ ساتھ 19 سو امریکی ڈالر بھی ضبط کیے ہیں۔ اس کے علاوہ 540 گرام سونے کے بسکٹ، ڈیڑھ کلو سونے کے زیورات بھی ضبط کیے گئے ہیں۔ تفتیشی ایجنسی کے اہلکار نے اس کی تصدیق کی ہے۔ ای ڈی نے اپنی سرکاری سائٹ سے وصولی کے بارے میں ٹویٹ بھی کیا ہے۔