راشٹریہ جنتادل( آرجے ڈی ) کے صدر اور بہار کے سابق وزیراعلیٰ لالو پرساد یادو نے نریندر مودی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وشو گرو حکومت اپنے شہریوں سے پیسے لے کر بھی انہیں ٹیکہ مہیا نہیں کرا پارہی ہے جبکہ نوے کی دہائی میں سماجوادی حکومت نے ٹیکہ کاری کا ورلڈ ریکارڈ بنایا تھا۔
لالو پرساد یادو نے ٹویٹر پر وزیراعظم نریندر مودی سے ملک کے تمام شہریوں کو کورونا کا مفت ٹیکہ دیئے جانے کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ سال 1996-97 میں جب ہم سماجوادیوں کی ملک میں جنتادل کی حکومت تھی، جس کا میں قومی صدر تھا تب ہم نے پولیوں ٹیکہ کاری کا ورلڈ ریکارڈ بنایا تھا۔ اُس وقت آج جیسی سہولیات اور بیداری بھی نہیں تھی پھر بھی 07 دسمبر 1996 کو تقریباً 11 کروڑ 74 لاکھ بچوں اور 18 جنوری 1997 کو تقریباً 12 کروڑ 37 لاکھ بچوں کو پولیو کا ٹیکہ دیا گیا تھا۔ وہ بھارت کا عالمی ریکارڈ تھا۔