پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چیئرمین او ایم اے سلام نے اپنے ایک بیان میں اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں کسانوں کے قتل کے ذمہ دار مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی اور ان کے بیٹے آشیش کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوئی اتفاق نہیں ہے کہ اجے مشرا کے کسانوں کے خلاف دھمکی آمیز تبصرے کے محض چند دنوں بعد ان کے بیٹے نے کسانوں پر ایس یو وی گاڑی چھڑا دی، جس میں کئی بے قصور لوگ زخمی ہوئے اور مارے گئے۔
پاپولر فرنٹ کے قومی جنرل سیکرٹری انیس احمد نے کہا کہ یوپی میں جو کچھ بھی ہوا اس نے ایک بار پھر جمہوری و پرامن احتجاجات کے ساتھ بی جے پی کے ظالمانہ طریقے کو اجاگر کیا ہے۔ جب بی جے پی حکومت عوامی احتجاجات کو دھمکیوں سے دبا نہیں پاتی، تو وہ اشتعال انگیزی اور تشدد برپا کرنے کے لئے اپنے گُرگے بھیج دیتی ہے۔ ایسا ہی سی اے اے و این آر سی احتجاجات کے دوران بھی ملک کے متعدد حصوں میں ہوا جس کے بعد شمال مشرقی دہلی میں کئی بے گناہ لوگ مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی طرف سے کسان مظاہرین کو مشتعل کرنے کی ایسی کئی کوششیں یوپی اور دیگر علاقوں میں مختلف مواقع پر کی جا چکی ہیں۔