احمد آباد: ریاست گجرات کے ضلع احمد آباد کے رہائشی کلدیپ یادو گزشتہ 30 سالوں سے پاکستانی جیل میں قید تھے۔ تیس سالوں کے بعد وہ اپنے آبائی وطن احمد آباد لوٹے ہیں۔ کلدیپ یادو 30 سال بعد پاکستانی جیل سے رہا ہو کر احمد آباد میں اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جیل میں بھارتی قیدیوں کو پاکستانی قیدیوں سے علیٰحدہ رکھا جاتا تھا اور یہ سکیورٹی کے پیش نظر ایسا کیا گیا تھا لیکن جیل انتظامیہ اور اسٹاف کا سلوک ہمارے ساتھ کافی اچھا رہا ہے۔ انسانیت کی بنیاد پر انہوں نے ہمارے ساتھ بہتر سلوک کیا۔ Kuldeep Yadav returned after being released from a Pakistani jail
انہوں نے مزید کہا کہ ہم جیل میں اپنے تہوار نہیں منا پاتے تھے کیونکہ ہم کو وہاں معلوم ہی نہیں ہوتا تھا کہ کب تہوار آیا اور چلا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایک مجرم کی حیثیت سے گرفتار کیا گیا تھا اور مجرم کے ساتھ جیسا سلوک کیا جاتا ہے ویسا ہمارے ساتھ بھی کیا گیا لیکن انسانیت کی بنیاد پر ہمارے ساتھ ان کا رویہ کافی نرم رہا۔ وہیں کلدیپ یادو کی بہن نے کہا کہ میں ہر برس رکشا بندھن کے موقع پر انہیں راکھی بھیجتی تھی، لیکن کبھی کبھی وہ نہیں ملتی تھی اور میں ہمیشہ دعا کرتی تھی کہ وہ جلد واپس آجائیں۔ میں صرف اتنا کہنا چاہتی ہوں کہ ہم نے 30 سالوں سے بہت پریشانیوں کا سامنا کیا۔ میں بھارتی حکومت سے درخواست کرتی ہوں کہ کچھ بھارتی اب بھی پاکستانی جیلوں میں قید ہیں۔ حکومت ان کو بچانے کے لیے کچھ کرے۔