نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے پارٹی کے لوک سبھا ممبر سنتوکھ سنگھ چودھری کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ سنتوکھ سنگھ چودھری کا آج بھارت جوڑو یاترا میں شرکت کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی، جو بھارت جوڑو یاترا کی قیادت کررہے ہیں، جالندھر میں آنجہانی رکن پارلیمنٹ کے گھر گئے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
راہل گاندھی نے بعد ازاں ٹویٹر میں تعزیت ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ سنتوکھ سنگھ چودھری جی کے اچانک انتقال سے بے حد صدمہ پہنچا۔ وہ زمین سے جڑے محنتی رہنما، اچھے انسان اور کانگریس خاندان کے ایک مضبوط ستون تھے، جنہوں نے یوتھ کانگریس سے پارلیمنٹ تک اپنی زندگی عوامی خدمات کے لئے وقف کی۔ میں سوگوار کنبے کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
کھڑگے نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا 'ہمارے ایم پیسنتوکھ سنگھ چودھری کے بے وقت انتقال کے بارے میں جان کر گہرا صدمہ اور دکھ ہوا ہے۔ ان کا جانا پارٹی اور تنظیم کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردی ان کے کنبے،دوستوں اور مداحوں کے ساتھ ہے۔ ایشور ان کی آتما کو سکون دے۔'