متول پنچایت کی صدر فریشہ نے میڈیا کو بتایا کہ محمد کے علاج کے لیے لوگوں سے اب تک 18 کروڑ روپے امداد کی شکل میں موصول ہوئے ہیں اور اب اس رقم سے بیرون ملک سے محمد کے علاج کے لیے دوا لائی جائے گی۔
پچھلے ایک ہفتہ سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر محمد کی بیماری کے تعلق سے خبریں چل رہی تھیں جس کے بعد لوگوں نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس معصوم بچے کی مدد کے لیے ہاتھ آگے بڑھایا اور اب محمد کا علاج ممکن ہے۔
ڈاکٹروں نے محمد کے اہلخانہ کو بتایا کہ اس کے علاج کے لیے 'زولجیسما' میڈیسین کی ضرورت ہے جو دنیا کی سب سے مہنگی میڈیسین ہے۔ اب چونکہ 18 کروڑ روپے کی خطیر رقم جمع ہوگئی ہے تو محمد کے والدین اس دوا کا انتظار کر رہے ہیں جس سے ان کے بیٹے کی بیماری دور ہوگی۔
وہیں دوسری جانب محمد کی بہن افراہ بھی اسی بیماری میں مبتلا ہے لیکن بیماری کے بارے میں تاخیر سے معلوم ہونے پر اب اسے پوری زندگی وہیل چیئر پر ہی گزارنی پڑے گی۔