نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کی سینئر لیڈر آتشی نے ہفتہ کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ناکامیوں اور ان کے دوستوں کی بدعنوانی کو بے نقاب کرنے والے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال واحد لیڈر ہیں، اسی لیے مودی حکومت ان کی آواز کو دبانے کے لیے بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کا غلط استعمال کررہی ہے۔آتشی نے آج نامہ نگاروں سے کہا " سی بی آئی نے کیجریوال کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا ہے۔ وہ وزیر اعلیٰ کو صرف اس لیے طلب کررہی ہے کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی ناکامی کو پورے ملک میں بے نقاب کیا ہے"۔
انہوں نے کہا، 'مرکزی حکومت کی تفتیشی ایجنسی اروند کیجریوال کو طلب کر رہی ہے کیونکہ وہ کیجریوال کی آواز کو دبانا چاہتی ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ ملک کے واحد لیڈر ہیں جو وزیر اعظم مودی کی ناکامیوں اور ان کے دوستوں کی بدعنوانی کے خلاف مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں۔' انہوں نے کہا، 'جن وعدوں کے ساتھ وزیر اعظم مودی اقتدار میں آئے تھے وہ کھوکھلے ثابت ہوئے۔ دوسری طرف مسٹر کیجریوال نے مرکزی حکومت کی ان ناکامیوں کو ملک کے سامنے رکھا کہ مودی حکومت کے آنے کے بعد مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے اور اس کی وجہ سے آج ملک کا ہر عام آدمی پریشان ہے۔ ملک میں پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں اور یہ سب مودی جی کے دور حکومت کی ناکامی کا نتیجہ ہے۔'