دہلی کانگریس نے بالمیکی جینتی اور امبیڈکر جینتی کے موقع پر وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ذریعہ دلت طلبا کو مفت تعلیم دلانے کے اعلانات کو پورا نہ کرنے والا وعدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ دلت طلبا کے تئیں اتنے سنجیدہ ہیں تو سات برسوں میں ان کے لیے قدم کیوں نہیں اٹھایا؟ انہوں نے کہا کہ ہر سال بالمیکی اور امبیڈکر جینتی پر انہیں دلت طلبا یاد آتے ہیں۔
دہلی کے ریاستی کانگریس صدر چودھری انل کمار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو سات برسوں سے اقتدار میں رہنے کے بعد دلت طلبا کو پڑھائی میں بہتر بنانے کے لیے مدد کرنے کی یاد آرہی ہے۔ اتنے برسوں تک وہ کہاں رہے اور دلت طلبا کی مدد اب تک کیوں نہیں کی؟
مزید پڑھیں:'دہلی میں حکومتی نظام مکمل طور پر ناکام'
ریاستی کانگریس صدر نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے سات برسوں میں سرکاری اسکولوں کے تقریباً پانچ لاکھ طلبا اچھا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔ ناکام ہونے والے زیادہ تر طلبا نے اسکولی تعلیم ترک کردی، ان میں سے ایک بڑا طبقہ دلت تھا۔ تعلیم سے محروم رہنے کی وجہ سے وہ بے روزگار ہوئے اور کئی نوجوان مجرمانہ پیشہ میں ملوث ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی میں اسکولی تعلیم کی افسوسناک حالت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اساتذہ کے 45 فیصد عہدے خالی ہیں اور پرنسپلز کے 750 عہدے بھی نہیں بھرے گئے ہیں۔
چودھری انل نے کہا کہ بالمیکی جینتی اور امبیڈکر جینتی کے دوران وزیر اعلیٰ بڑے بڑے اعلانات کرتے ہیں، جو کہ کبھی پورے نہیں ہوتے ہیں۔
وہیں ریاستی کانگریس سوشل میڈیا شعبہ کے چیئرمین راہل شرما نے اتوار کو سوشل میڈیا کے نومنتخب عہدیداروں کی میٹنگ کی۔ اس میں نومنتخب افسران کو 'پول کھول یاترا' کو کامیاب بنانے کے لیے ذمہ داری دی گئی۔ اس دوران ریاستی کانگریس صدر چودھری انل کمار نے خطاب کیا۔ اس موقع پر نیشنل کو آرڈینیٹر سرل پینل، سابق رکن اسمبلی انل بھاردواج، آدرش شاستری اور نیشنل کو آرڈینیٹر مانیٹرنگ شعبہ کے ریاض احمد وغیرہ موجود تھے۔