حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ نے بی جے پی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی تلنگانہ، دہلی اور آندھرا پردیش کی حکومتوں کو گرانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ گزشتہ ہفتہ ہمارے تین اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کی کوشش کرنے والے ملزمان کو تکڑی کے نزدیک گرفتار کیا گیا ہے اور ان سے آدھار کارڈ، ڈروائیونگ لائسنس اور پین کارڈ برآمد ہوئے ہیں۔ وزیر اعلی نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طرف سے ریاست میں حکمراں جماعت تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) کے تین ایم ایل اے کی خرید و فرخت کے تمام دستاویزات سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور تمام ججوں کو بھیج دیئے گئے ہیں۔ KCR sent documents of sale and purchase of MLAs to judges
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی یہ دستاویزات تمام ریاستوں کے ہائی کورٹ کے ججوں کو بھی بھیجے گئے ہیں تاکہ وہ جمہوریت کی حفاظت کر سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے درخواست کی ہے کہ اراکین اسمبلی کی خریداری میں ملوث افراد کو سزا دی جائے۔ ایک پریس کانفرنس میں اراکین اسمبلی کی خریداری کا ویڈیو جاری کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ خریداری میں ملوث ملزمان نے بتایا ہے کہ وہ چار ریاستوں تلنگانہ، دہلی، آندھرا پردیش اور راجستھان کی حکومتوں کو گرانے کی کوشش کر رہے تھے اور وہ اب تک آٹھ ریاستی حکومتیں گرا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک اور جمہوریت کے لیے مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے ملک کی عدلیہ سے جمہوریت کو بچانے کی اپیل کی ہے۔