جموں: جموں و کشمیر کی وائرل گرل کے طور پر سرخیوں میں آنے والی تیسری جماعت کی طالبہ سیرت ناز نے وزیراعظم نریندر مودی کو 'تھینک یو' کہا ہے۔ کٹھوعہ ضلع کی تیسری جماعت کی طالبہ سیرت ناز نے وزیر اعظم مودی کو ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے اسکول کی حالت کے بارے میں بتایا، جس کے بعد جموں و کشمیر انتظامیہ نے اب اس کے اسکول کی تزئین کاری شروع کر دی ہے۔
تیسری جماعت کی طالبہ سیرت ناز کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جموں و کشمیر انتظامیہ حرکت میں آگئی ہے۔ محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر روی شنکر شرما نے خود کٹھوعہ ضلع کے لوہائی ملہار اسکول کا دورہ کیا ہے اور اسکول کی تزئین کاری کے سلسلے میں عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول کی تزئین و آرائش کے لیے 91 لاکھ روپے کا پراجیکٹ منظور کیا گیا تھا، لیکن انتظامیہ کی جانب سے منظوری نہ ملنے کی وجہ سے کام پھنس گیا۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کٹھوعہ کے لوہیا ملہار گاؤں میں سرکاری اسکول کی طالبہ سیرت ناز نے وزیراعظم مودی سے درخواست کی تھی۔ اب اسکول کی حالت بہتر کی جا رہی ہے۔