پامپور: کشمیری ڈیجیٹل آرٹسٹ اسماء میر اپنے آرٹ ورک سے عالمی اسٹیج شہرت حاصل کر رہی ہیں۔ ضلع پلوامہ میں پیدا ہونے والی 12ویں جماعت کی طالبہ اسماء سوشل میڈیا پر السٹریشنز (Illustrations) کے نام سے ایک پیج بنا کر ڈیجیٹل آرٹ کو فروغ دے رہی ہیں۔ اسماء نے بتایا کہ وہ مختلف چیزوں اور خاکوں کو ڈیجیٹل فارمیٹ میں پیش کرنے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال کرتی ہیں۔ انہوں نے دسویں جماعت تک کی تعلیم مقامی اسکول سے حاصل کی۔ بچپن سے ہی انہیں فنون لطیفہ (آرٹ) سے بہت زیادہ دلچسپی تھی۔ اسماء نے کہا کہ کبھی کبھی ہمارے استاد ہمیں اپنی پسند کی تصاویر بنانے کو کہتے تھے۔Kashmiri girl making waves on global canvas with digital art
اسماء ابتدائی دور میں پنسل اسکیچ کا استعمال کرتی تھیں، بعد ازاں انہوں نے واٹر کلر استعمال کرنا شروع کر دیا۔ اسما نے کہا کہ چند سال پہلے مجھے اس پیشے کے بارے میں بہت کچھ معلوم ہوا اور میں نے موبائل کی مدد سے ڈرائنگ شروع کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنے کام میں بہتری لانے کے لئے یوٹیوب پر آرٹ ٹیوٹوریلز بھی دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ شروع میں ان کے والدین نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور کہا کہ وہ پڑھائی پر توجہ دے، لیکن لوگوں کی جانب سے ان کے کام کی پزیرائی دیکھ کر والدین اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے پر مجبور ہوگئے اور بالآخر انہیں آئی پیڈ و دیگر ضروری سامان خرید کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے میری دلچسپی بڑھنے لگی، میں نے اس پیشے کے بارے میں مزید جاننا اور مشق کرنا شروع کر دی۔ اپنی مالی حیثیت کو محفوظ بنانے کے بعد اسماء اب خود کو ایک بین الاقوامی فنکار کے طور پر پہچان بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔