بنگلورو: کرناٹک اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی کے باوجود کانگریس کو'راجستھان سنڈروم' کا خوف ستا رہا ہے اور وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نیزریاستی کانگریس صدر ڈی کے شیوکمار کے درمیان کسی ایک کے انتخاب کے لئے مخمصے کی صورتحال ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے کے ذریعہ منتخب ایم ایل ایز کے لیے ہوٹل کے کمرے بک کرنے اور پارٹی مبصرین کا ممکنہ دورہ اس کا اشارہ مانا جارہا ہے۔ گو کہ پارٹی مبصرین کی آمد ایک معمول کی بات ہے لیکن اتنی بڑی جیت کے بعد بھی کچھ بے چینی دکھائی دیتی ہے۔ بطور وزیراعلیٰ کانگریس کے لئے بہتر متبادل کون ہے- سدارامیا یا شیوکمار، اس پر فیصلہ کرنے کے لئے وہ ہرایک ایم ایل اے سے فیڈبیک لینے کے لئے بنگلور میں ہیں۔
موجودہ حالات میں پارٹی ہائی کمان وزیراعلیٰ کے عہدہ کے لیے شیوکمار کی حمایت کر رہی ہے، کیونکہ انہوں نے سونیا گاندھی سے کرناٹک کو اپنے ماتحت لانے کے لیے وابستگی ظاہر کی تھی۔ اس کے باوجود شیوکمار کی تاجپوشی کی راہ میں کچھ رکاوٹیں ہیں۔ منی لانڈرنگ سے متعلق عدالتی معاملات میں ان پر لٹکی تلوار انہیں پریشان کرسکتی ہے۔ اس کے علاوہ وہ گرفتاری اور قید سے بچنے کے لیے ضمانت پر ہیں۔ دوسری طرف، اگر وزیر اعلی کے طور پر انہیں عدالتوں نے واپس تہاڑ بھیج دیا تو اس سے حکومت کی شبیہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ دوسری طرف، سدارامیا کے حامی بنیادی طور پر ان حقائق کو مبصرین کے سامنے پیش کریں گے۔ اگرچہ شیوکمار کو اعلیٰ کمان کا آشیرواد حاصل ہے لیکن تعداد کے لحاظ سے سدارامیا مضبوط پوزیشن میں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کرناٹک کانگریس کو 'راجستھان سنڈروم' کا اندیشہ ہے۔
غورطلب ہے کہ راجستھان میں، سچن پائلٹ کانگریس کو اقتدار میں لانے کی اپنی بھرپور کوشش کے بدلے وزیراعلیٰ گہلوت کے ساتھ باوقار عہدے کے لئے جھگڑ رہے ہیں۔ گہلوت کے اقتدار میں آنے کے بعد اپنا حق نہ ملنے پروہ خود کو ٹھگا ہوا محسوس کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے، کانگریس نے مدھیہ پردیش میں پارٹی کو اقتدار میں لانے کے لیے سخت محنت کرنے والے جیوترادتیہ سندھیا کو نظر انداز کرتے ہوئے کمل ناتھ کی تاجپوشی کردی۔ اس سے سندھیا کو بغاوت کرنے کا موقع ملا اور انہوں نے اپنے حامیوں کے ساتھ پارٹی چھوڑ کر کمل ناتھ حکومت کو گرا دیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہوگئے، جس سے انہیں مرکزی کابینہ میں ایک عہدہ اور مدھیہ پردیش کابینہ میں ان کے حامیوں کو حصے داری ملی۔
Karnataka Congress کرناٹک کانگریس کو 'راجستھان سنڈروم' کا خوف ستا رہا ہے - راجستھان سنڈروم
کرناٹک میں جیت کے بعد کانگریس پارٹی کے اعلیٰ کمان کے سامنے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نیز ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار کے درمیان کسی ایک کے انتخاب کے لیے مخمصے کی صورتحال ہے۔
Etv Bharat