کرناٹک کے دکشن کنڑ ضلع میں ہندو مذہبی مقامات پر میلوں کے دوران مسلم تاجروں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اقتصادی بائیکاٹ کا یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ہندو مذہبی مقامات پر ہندو تہواروں کے دوران مسلمانوں کو تجارت کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ کرناٹک کے مختلف اضلاع میں ان دنوں میلے لگ رہے ہیں۔ مسلم تاجرین کو منگلورو میں سری منگل دیوی مندر، بپناڈو درگاپرمیشوری مندر، کٹی پلا گنیش پورہ سری مہاگناپتی مندر اور پٹور سری مہلنگیشور مندر کے سامنے سامان فروخت کرنے پر روک لگا دی گئی ہے اور میلے میں غیرہندو تاجرین پر پابندی سے متعلق مندروں کے سامنے بینر بھی لگائے گئے ہیں۔
منگلور کے پولس کمشنر این ششی کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے مندر انتظامیہ اور تحصیلدار سے بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بینرز کے بارے میں تحقیقات کریں گے اور اگر مندر انتظامیہ شکایت درج کراتی ہے تو ہم قانونی کارروائی کریں گے۔