جموں و کشمیر کے سابق صدر ریاست اور کانگریس کے سینئر رہنما ڈاکٹر کرن سنگھ Senior Congress Leader Dr. Karan Singh پدم بھوشن ایوارڈ معاملے Padma Award Controversy میں غلام نبی آزاد کی حمایت میں کھڑے ہوگئے ہیں۔ آزاد کو کئی کانگریس رہنماؤں نے مودی حکومت سے ایوارڈ لینے پر آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
ڈاکٹر کرن سنگھ نے جمعرات کو ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے غلام نبی آزاد کو پدم بھوشن ایوارڈ کے لیے بہترین امیدوار قرار دیا اور اس پر پیدا ہوئے تنازع پر منفی ردعمل ظاہر کیا ہے۔ آزاد کو اپنا دوست پکارتے ہوئے کرن سنگھ نے کہا کہ قومی ایوارڈز کو پارٹیوں کے درمیان تنازعات کا موضوع نہیں بنایا جانا چاہیے۔
کئی کانگریس رہنماؤں نے بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر آزاد کو اس ایوارڈ کی نامزدگی پر ہدف تنقید بنایا تھا، کیونکہ مغربی بنگال کے سابق وزیر اعلیٰ بدھا دیو بھٹا چاریہ نے یہ ایوارڈ لینے سے انکار کیا۔
سینئر کانگریس رہنما جے رام رمیش نے ایک ٹویٹ میں بھٹاچاریہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'وہ آزاد ہیں، غلام نہیں ہیں'۔ ان الفاظ سے یہ اخذ کیا گیا کہ انہوں نے بھٹاچاریہ کی تعریف کرتے ہوئے اصل میں غلام نبی آزاد کو نشانہ بنایا ہے۔
آزاد کو کانگریس کے جی۔23 گروپ کا رکن تصور کیا جاتا ہے۔ یہ وہ گروپ ہے جس کے ارکان کو کانگریس کی موجودہ قیادت کے ساتھ اختلافات ہیں۔ ایوارڈ کے اعلان سے ایک دن قبل کانگریس نے آزاد کو اتر پردیش میں انتخابی مہم کیلئے اپنا اسٹار کمپینر نامزد کیا تھا۔