کانپور: ریاست اترپردیش کے ضلع کانپور میں ایک جھونپڑی میں اچانک آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی موت ہو گئی۔ یہ واقعہ ہفتہ کی دیر رات اس وقت پیش آیا جب پورا خاندان جھونپڑی میں سو رہا تھا۔ شدید آگ میں میاں بیوی سمیت تین معصوم بچے بھی جھلس گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایک نوزائیدہ اور ایک بزرگ بھی اس آگ کی زد میں آگئے۔ دونوں کو تشویشناک حالت میں ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جھونپڑی میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ بی بی جی ٹی ایس مورتی نے بتایا کہ رورہ تھانہ علاقہ کے ہرماؤ بنجارہ ڈیرہ میں ہفتہ کی دیر رات ایک جھونپڑی میں آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں جوڑے ستیش (30) اور کاجل (26) کے ساتھ تین بچے سنی (6)، سندیپ (5)، گڑیا (3) جھلس گئے۔ جھونپڑی میں جب آگ لگی تو گھر کے تمام افراد سو رہے تھے اور اس لیے وہ باہر نہیں نکل سکے۔ چیخ و پکار سن کر بستی کے لوگ موقع پر پہنچ گئے اور بالٹی سے پانی ڈال کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ لیکن تب تک خاندان کے پانچوں افراد جل کر ہلاک ہو چکے تھے۔ آگ بجھانے کے عمل میں متوفی ستیش کی ماں بری طرح جھلس گئی۔