کانپور : ریاست اترپردیش کے ضلع کانپور میں ماں اور بیٹی کی جل کر موت کے معاملے میں ایس ڈی ایم میتھا جنیشور پرساد، دنیش کمار گوتم رورا تھانہ انچارج، لیکھپال اشوک سنگھ مڈولی گاؤں، رورہ کے رہنے والے جے سی وی ڈرائیور دیپک اور دیگر کئی لوگوں کے خلاف متاثرہ باپ کی تحریر پر پیر کی رات ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ بتادیں کہ انتظامیہ کی ٹیم تجاوزات کی زد میں آنے والے مندر کو گرانے گئی تھی۔ اس دوران مندر کے قریب جھونپڑی میں مبینہ طور پر آگ لگ گئی۔ اس میں ماں اور بیٹی زندہ جل گئیں۔ متاثرہ کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی ٹیم نے گھر کو آگ لگا کر ماں اور بیٹی کو قتل کیا۔ اس پورے واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے کہ کس طرح ضلع انتظامیہ نے غریب خاندان کو دہشت زدہ کیا۔
معاملہ ضلع کے رورہ تھانہ علاقہ سے متعلق ہے۔ اکبر پور تحصیل انتظامیہ سمیت ضلعی انتظامیہ پر قتل کا الزام ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے تحصیل انتظامیہ ناجائز تجاوزات ہٹانے پہنچے تھی۔ اس دوران متاثرہ اہل خانہ نے تجاوزات ہٹانے کے خلاف احتجاج کیا۔ متاثرہ کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ تحصیل انتظامیہ نے گھر کو آگ لگائی ہے، جس سے ماں اور بیٹی کی جھلس کر موت ہو گئی۔ متاثرہ کے والد بھی خاندان کو بچاتے ہوئے شدید زخمی ہو گئے۔ وہیں اس واقعہ نے علاقے میں ہلچل مچا دی۔ انتظامی اہلکار موقع سے گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔