ریاست کیرالہ کے کنور سے تعلق رکھنے والی انٹیریئر ڈیزائننگ کی ایک طالبہ نے اپنے ہاتھوں سے قرآن شریف کی کتابت کی ہے۔ انتہائی پیچیدہ اور خوبصورت فنکاری سے آراستہ یہ نسخہ رسم عثمانی کی طرز پر لکھا گیا ہے، جو عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
فاطمہ صاحبہ نے 14 مہینے کی مسلسل محنت اور لگن کے بعد قرآن شریف کا یہ نسخہ تیار کیا، جس میں الفاظ اور اعراب کو بغیر غلطی کے لکھا گیا ہے۔ صاحبہ کی ہاتھ سے لکھا گیا یہ نسخہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عالمی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
فاطمہ کو خطاطی کا شوق ہے اور اپنے اس شغل کو جنون بناتے ہوئے انہوں نے قرآن شریف کو لکھنا شروع کیا پھر یومیہ بنیاد پر چار گھنٹوں کی محنت کے بعد قرآن شریف کا نسخہ تیار کرلیا۔
فاطمہ کا کہنا ہے کہ ان کا رحجان شروع سے ہی خطاطی کی جانب رہا ہے۔ میرا چھوٹا سا خواب تھا کہ میں قرآن شریف کے نسخے کو اپنے ہاتھوں سے ترتیب دوں۔ لیکن مجھے یہ امید نہیں تھی کہ مجھے اتنی پذیرائی ملے گی۔ میں بہت خوش ہوں۔ میں روزانہ دو سے تین صفحہ لکھتی تھی۔