بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ایک بار پھر کانگریس کے سینیئر لیڈر اور سابق وزیر اعلی کمل ناتھ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہماری ریاست 'سد بھاونا' کی عمدہ مثال ہے اور عوام محبت کے ساتھ صوبے میں رہ رہے ہیں جیسا کہ آپ نے دیکھا رام نومی ہو یا پھر ہنومان جینتی ہو یہ پورے صوبے میں امن و سکون کے ساتھ منائی گئی، لیکن یہ بات کانگریس پارٹی کو راس نہیں آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کے رہنما چاہتے ہیں کہ مدھیہ پردیس میں امن و امان نہ رہے، یہاں دنگے فساد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تعجب ہوتا ہے، کانگریس کے سینیئر لیڈر اور سابق وزیر اعلی کمل ناتھ جب 2018 میں وزیر اعلی نہیں تھے تب وہ انتخابات سے قبل یہی کہتے ہوئے نظر آئے کہ مسلمانوں کے پولنگ بوتھ پر 90 فیصد ووٹ کیوں نہیں ملتے۔ وہاں پر ووٹوں کو بڑھایا جائے اور جس طرح سے کمل ناتھ نے یہ بات کہی تھی، اس کا ویڈیو پوری دنیا نے دیکھا تھا۔
شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ وہ محض مسلمانوں کو ووٹ بینک مان کر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا اب مذہب اور ذات کے نام پر لوگوں کو بھڑکایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کمل ناتھ نے ایک بار پھر روزہ افطار کے وقت جس طرح کا بیان دیا ہے وہ غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ بیان ایک خاص طبقہ کو نظر میں رکھ کر دیا ہے کہ مدھیہ پردیش میں دنگے فسادات بڑھ رہے ہیں۔